صاحبزادہ محمد شاہد اختر کے اعزاز میں الوداعی تقریب

مورخہ 3 جنوری 2010 بروز بدھ کو کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز (منہاج یونیورسٹی) لاہور کے زیراہتمام حضرت زندہ پیر رحمۃ اللہ علیہ گھمگول شریف برمنگھم UK میں خلیفہ مجاز صوفی عبداللہ خان کے پوتے صاحبزادہ محمد شاہد اختر کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جنہوں نے کالج آف شریعہ سے 5 سالہ درس نظامی (الشھادۃ العالیہ) کا کورس مکمل کیا ہے، اس تقریب میں شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام، مفتی عبدالقیوم ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی، جی ایم ملک (ناظم امور خارجہ)، ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری (وائس پرنسپل) اور محمد عباس نقشبندی کے علاوہ دیگر اساتذہ کرام نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کا اعزاز صاحبزادہ افتخار احمد بخاری نے حاصل کیا جبکہ غلام مجتبٰی طاہر ایڈووکیٹ نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا شرف حاصل کیا۔

اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم امور خارجہ جی ایم ملک نے کہا کہ صاحبزادہ محمد شاہد اختر نے اپنے دادا محترم کی ہدایت پر منہاج القرآن میں تعلیم

حاصل کی اور اب اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے جامعۃ الازہر جا رہے ہیں، ہم دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت انہیں اپنے مقصد میں کامیاب کرے اور یہ اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دین اسلام کی سربلندی کے لئے کام کریں۔ صاحبزادہ نے مرکز پر جتنا عرصہ حصول تعلیم کے لئے گزارا اس عرصہ کے دوران انہوں نے اپنی تعلیم کے ساتھ مشن کے فروغ کے لئے خدمات سرانجام دیں۔

شیخ الحدیث مولانا محمد معراج الاسلام نے فرمایا کہ صاحبزادہ شاہد اختر اپنے دور تعلیم میں انتہائی محنتی اور توجہ سے تعلیم حاصل کرتے رہے ہیں ہم ان کی آئندہ روشن زندگی کے لئے دعا گو ہیں۔

مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ موصوف نے اپنے بزرگوں کی ہدایات کی روشنی میں علم حاصل کیا اور ہم ان کے روشن مستقبل کے لئے دعاگو ہیں۔

ڈاکٹر محمد ظہور اللہ الازہری نے اپنے خطاب میں کہا کہ موصوف اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دین اسلام کی سربلندی کے لئے کام کرنے کے ساتھ ساتھ مشن کے فروغ کے لئے کام کریں گے۔

صاحبزادہ شاہد اختر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یوں محسوس ہو رہا ہے کہ جیسے وہ اپنے حقیقی گھر سے دور جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مجھے مجھے اپنے فیملی ممبران سے دور ہونے کے باوجود منہاج القرآن نے کبھی اس بات کا احساس ہی نہیں ہونے دیا اور مجھے ایک گھر کا ماحول دیا، اور میں جسمانی طور پر مرکز سے دور جارہا ہوں لیکن میرے جذبات اور احساسات مرکز کے ساتھ منسلک ہیں اور جو اخلاقی، روحانی، تنظیمی و تحریکی تربیت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحبت سے ملی ہے یہ میری زندگی کا حسین سرمایہ ہے۔ صاحبزادہ محمد شاہد اختر اظہار خیال کے دوران فرط جذبات سے آبدیدہ ہو گئے اور تقریب پر ایک رقت سی طاری ہو گئی۔

تقریب کے اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ انہیں علم و عمل کی بے پناہ صلاحیتوں سے نوازے اور مصطفوی مشن کے فروغ کے لئے شب وروز جدوجہد جاری رکھنے کی توفیق ارزانی فرمائے۔

تبصرہ

Top