شیخ الاسلام کی 59 ویں سالگرہ پر شب دعا کا انعقاد

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 59 ویں سالگرہ کے موقع پر تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ پر "شب دعا" کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں گوشہ درود کے صفہ ہال میں ہوا۔ جس کی صدرات مسکین فیض الرحمٰن درانی نے کی۔ منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین اور فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے "شب دعا" میں خصوصی شرکت کی۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، راجہ زاہد محمود قادری، امیر پنجاب علامہ احمد نواز انجم، نائب ناظم اعلیٰ پبلی کیشنز رانا فاروق احمد، کالج آف شریعہ سے مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، ڈاکٹر ظہور احمد ازہر اور تحریک کے دیگر مرکزی قائدین بھی پروگرام میں شریک تھے۔

شب ساڑھے دس بجے پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد قاری عنصر علی قادری نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ منہاج پروڈکشنز کی جانب سے کیمرہ مین عمران عباس نے شیخ الاسلام کے لیے منظوم ترانہ پیش کیا۔ اس کے بعد گلوکار خرم خالد نے شیخ الاسلام کے حوالے سے اردو، انگریزی اور عربی زبان میں لکھا گیا خصوصی کلام پیش کیا۔ ان کی پرفارمنس کو تمام حاضرین نے بے حد پسند کیا اور انہیں خوب داد بھی دی۔

باسط علی اور ان کے ساتھیوں نے بھی شیخ الاسلام کے لیے منظور کلام عربی اور اردو زبان میں پیش کیا۔ اس کے بعد امیر پنجاب احمد نواز انجم نے شیخ الاسلام پر اپنی مشہور منقبت "اے سفیر امن، اے بہار چمن" کو بڑے سائز کے فریم میں حسن محی الدین قادری کو پیش کیا جسے انہوں نے بے حد پسند کیا۔

پروگرام میں منہاج پرڈکشنز کی جانب سے شیخ الاسلام کی 59 ویں سالگرہ پر مختصر ڈاکو منٹری فلم بھی دکھائی گئی۔ منہاج پروڈکشنز کی ایک اور پیش کش معروف گلوکار مظہر حسین قریشی کی پرفارمنس بھی تھی۔ انہوں نے شیخ الاسلام کے لیے اپنے اردو کلام کو مخصوص انداز میں گا کر حاضرین محفل کے دل جیت لیے۔ شرکاء نے انہیں کے خوبصورت انداز پر انہیں جھوم جھوم کر داد بھی دی۔ پروگرام میں شہزاد برادران کے گروپ نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے شیخ الاسلام کے لیے دعائیہ کلام پیش کیا، جو بہت پسند کیا گیا۔

تقریب میں صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن علم و عمل کے پیغام کا نام ہے۔ آج دنیا میں جو شخص اس پیغام کو عام کرنا چاہتا ہے وہ منہاج القرآن کے ساتھ وابستہ ہو جائے۔ شیخ الاسلام علم و امن کے نور کو پھیلانے کے لیے دنیا بھر میں اپنا دن رات ایک کیے ہوئے ہیں، اس لیے ہمیں ان کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قائد ڈے پر ہمیں اپنے قائد کے ساتھ اس عہد کو بھی پختہ کرنا ہوگا کہ ہم اسلام کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنی قربانیوں کے سلسلہ کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے آج کا دن خوشی بھی ہے اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے ایک پیغام بھی ہے۔ اس پیغام کو سمجھ کر ہمیں ابھی سے اپنے کام کو مزید تیز کر دینا چاہیے۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے قائد کی 59 ویں سالگرہ ہے۔ ہمیں ان خوشی کے لمحوں کو اس انداز سے منانا ہے کہ آج ہم شیخ الاسلام کے دیئے گئے مشن کے ساتھ عملی لگاؤ اور محبت کا عہد بھی کرنا ہوگا۔ یہ "شب التجاء" اللہ کے حضور اس التجاء کا پیغام ہے، جس میں ہمیں شیخ الاسلام کی درازی عمر ، صحت اور امت مسملہ کی خوشحالی و ترقی کے لیے دعائیں کرنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں دہشت گردی کی لہر تیزی سے پھیل چکی ہے، ایسے میں ہمیں اپنے ملک کی ترقی و سلامتی اور عالم اسلام کی خوشحالی کے لئے دعاؤں کے ساتھ ساتھ اسلام کا حقیقی پیغام امن و سلامتی بھی عام کرنا ہوگا۔

تقریب کے اختتام پر تمام قائدین نے شیخ الاسلام کی 59 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر ہال "ہیپی برتھ ڈے ٹو یو" کے نعروں سے گونج اٹھا۔ پروگرام کے اختتام پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں سلام پیش کیا گیا، جس کے بعد صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے دعا کرائی۔ اس موقع پر شیخ الاسلام کی درازی عمر، صحت و سلامتی اور عالم اسلام کی ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔ پروگرام کی کمپئرنگ کے فرائض وقاص علی قادری نے سرانجام دیئے۔

رپورٹ: ایم ایس پاکستانی

تبصرہ

Top