شیخ الاسلام کی 59 سالگرہ پر منہاج یونیورسٹی میں تقریب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 59 ویں سالگرہ دنیا بھر میں عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے منائی گئی۔ اس سلسلہ میں منہاج یونیورسٹی میں 19 فروری 2010ء کو سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین نے کی جبکہ مہمان خصوصی تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری تھے۔

منہاج یونیورسٹی کے گراؤنڈ میں ہونے والی تقریب میں امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، منہاج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر علی محمد، رجسٹرار منہاج یونیورسٹی کرنل ریٹائرڈ محمد احمد، ڈپٹی رجسٹرار ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، مفتی عبدالقیوم ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی، امیر تحریک پنجاب احمد نواز انجم، ناظم اجتماعات جواد حامد، میاں محمد عباس نقشبندی، کالج آف شریعہ کے اساتذہ کرام اور دیگر مرکزی قائدین نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں منہاج یونیورسٹی، کالج آف شریعہ، منہاج گرلز کالج، تحفیظ القرآن کالج اور منہاج یونیورسٹی کے دیگر ذیلی کالجز و اداروں کے طلبہ و طالبات اور تحریک کے قائدین و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام میں منہاج ویمن لیگ کی قائدین کے علاوہ خواتین نے بھی بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت مبارکہ بھی پڑھی گئی۔ کالج آف شریعہ کے حیدری برادران نے تحریکی ترانہ پیش کیا۔ اس کے بعد ننھے منھے بچوں نے شیخ الاسلام کی سالگرہ کے حوالے سے تقاریر بھی کیں۔ بچوں کے جوشیلے انداز کو حاضرین نے بے حد سراہا۔ حسن محی الدین قادری نے ننھے منھے بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں نقد انعام دیا۔

تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے کہا کہ سفیر امن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی امن کیلئے خدمات انہیں دنیا میں منفرد مقام دلاتی ہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی خدمات سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن معاشرے کے پسے ہوئے استحصال زدہ طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد کو شیخ الاسلام کی ولولہ انگیز قیادت میں جاری رکھے ہوئے ہے اور آج کا دن لاکھوں کارکنوں کیلئے تجدید وفا کا دن ہے۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے اظہار تشکر اور لمحہ فکریہ بھی ہے۔ اس دن شیخ الاسلام کی 59 ویں سالگرہ ہے، ایک تحریکی کارکن ہونے کے ناطے ہمیں خوشی اور شادمانی بھی ہے، لیکن دوسری جانب ہمیں اپنے قائد کے مشن کو آگے بڑھانے کی فکر بھی کرنی ہوگی۔ آپ نے کہا کہ شیخ الاسلام نے اپنی علمی و تحقیقی کاوشوں کے ذریعے ثابت کر دیا کہ وہ دنیا میں قیام امن کے داعی اور پیامبر ہیں۔ منہاج القرآن آج ایک مشن بن چکا ہے، جو دنیا بھر میں محبت، امن اور علم کی تحریک کو عام کر رہا ہے۔ آپ نے کارکنان کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن اور شیخ الاسلام کے ساتھ اظہار محبت کے لیے آج عملی طور پر تہیہ کرنا ہوگا کہ ہم اس مشن کے ساتھ اپنا اخلاص برقرار رکھیں گے۔

حسین محی الدین قادری نے کہا کہ ملت اسلامیہ کے کروڑوں مسلمان شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، روحانی، تعلیمی، سیاسی اور سماجی خدمات سے استفادہ کر رہے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کا عالم گیر پھیلاؤ اور اس کی مؤثریت اس بات کی گواہ ہے کہ 30 سال کے قلیل عرصہ میں تحریک منہاج القرآن دنیائے اسلام کی سب سے بڑی تحریک کا روپ دھار چکی ہے اور یہ سب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تاریخ ساز شخصیت کی بدولت ہے۔ آج دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کے لاکھوں کارکن عہد کرتے ہیں کہ ہم عظیم قائد کی عظیم فکر کے امین بن کر ان کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔

پروقار تقریب میں حسن محی الدین قادری، حسین محی الدین قادری اور دیگر مرکزی قائدین نے شیخ الاسلام کی سالگرہ کا خصوصی کیک بھی کاٹا۔ اس کے بعد کالج آف شریعہ کے طالب علم حافظ محمد عمیر نے اپنے ہاتھ سے بنائی ہوئی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی پیٹنگ پورٹریٹ حسن محی الدین قادری اور حسین محی الدین قادری کو پیش کی۔ اس تصویر کو آپ نے بے حد پسند کیا اور حافظ محمد عمیر کو نقد انعام دیا۔ تقریب میں صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے منہاج ویمن لیگ کی لائف ممبر بننے والی خواتین کو ان کی ممبر شپ کے سرٹیفیکٹس بھی دیے۔

پروگرام میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کے حوالے سے ہاتھ سے بنائے گئے پیٹنگ کارڈز کی نمائش بھی ہوئی، جس میں گرلز کالج اور منہاج یونیورسٹی کے دیگر اداروں سے طلبہ نے حصہ لیا تھا۔ معزز مہمانوں نے کارڈ کارنر بھی وزٹ کیا اور وہاں شیخ الاسلام کی سالگرہ کے حوالے سے خوبصورت کارڈز دیکھے۔

تقریب کی کمپئرنگ کے فرائض سجاد العزیز قادری نے سرانجام دیئے۔ آخر میں امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے خصوصی دعا بھی کرائی۔ جس میں ملکی سلامتی و ترقی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر اور صحت کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔

اس تقریب سے پہلے 19 فروری 2010ء کے دن کا آغاز تحریکی طور پر بڑے عقیدت و احترام سے ہوا۔ اندرون و بیرون ملک لاکھوں کارکنوں نے دن کا آغاز دعائیہ محافل سے کیا۔ تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں قائم گوشہ درود کے گوشہ نشین نے نماز فجر کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر اور صحت و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ شیخ الاسلام کی 59 ویں سالگرہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے پانچوں براعظموں میں انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ یورپ، برطانیہ، خلیج، امریکہ، نارتھ امریکہ، افریقہ اور جنوبی ایشیاء کے 100 سے زائد ممالک اور ملک بھر کے اندر یونین کونسل سطح تک تنظیمات نے سالگرہ تقریبات کا انعقاد کیا تھا۔ "قائد ڈے" پر ان تقریبات میں کارکنان نے سالگرہ کے کیک کاٹے۔

اس کے علاوہ شیخ الاسلام کی سالگرہ پر دنیا بھر میں شکرانے کے نوافل ادا کیے گئے اور صدقات بھی دیئے گئے۔ کارکنان نے ایک دوسرے کو تحائف دیئے اور گلے مل کر مبارکبادیں دیں۔ سالگرہ پر ای میل اور موبائل پیغامات کے ذریعے مبارکبادوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ سینکڑوں کارکنوں نے ملک کی مختلف جیلوں کے قیدیوں میں کھانا تقسیم کیا۔ مرکزی سطح پر ماڈل ٹاؤن میں درجنوں بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا۔

رپورٹ: ایم ایس پاکستانی

تبصرہ

Top