تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم کا دورہ جنوبی پنجاب

تحریک منہاج القرآن کے امیر پنجاب مخدوم احمد نواز انجم نے جنوبی پنجاب کا تحریکی و تنظیمی دورہ کیا۔ دورے میں انہوں نے جنوبی پنجاب کی تمام تنظیمات کے صدور و ناظمین سے خصوصی ملاقات کی اور خطاب بھی کیا۔ اس حوالے سے ایک خصوصی پروگرام منعقد ہوا جس میں لودہراں سے راؤ محمد اسحاق ضلعی امیر، ملک اسلم حماد صدر تحریک منہاج القرآن، رانا محمد ظاہر ناظم تحریک منہاج القرآن، رانا مختیار علی صدر کہروڑ پکا اور محمد شعبان طور ناظم دنیا پور کے علاوہ ملتان ڈویژن، ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور بہاولپور ڈویژن کے تحصیلی صدور و ناظمین نے بھی خصوصی شرکت کی۔

صوبائی امیر تحریک علامہ احمد نواز انجم نے ملک کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں منہاج القرآن ملتان کے تمام صدور و ناظمین سے ملاقات کی۔ جس میں انہوں نے کہا کہ ان دنوں ملک سیاسی بحران کے علاوہ ڈینگی سمیت سیلاب کی آفت سے بھی دوچار ہیں، جس سے نبٹنے کے لیے منہاج القرآن کے کارکنان اور قائدین کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ بحران کی اس صورتحال میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری قوم کی رہنمائی کر رہے ہیں اور تحریک منہاج القرآن ملک و قوم کو بحران سے نکالنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

ان حالات میں تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ قوم کی نظریں اب شیخ الاسلام کی طرف ہیں کیونکہ منہاج القرآن نے بیداری شعور مہم سے قوم کو خواب غفلت سے بیدار کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ بیداری شعور مہم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تحریک کا ہر کارکن اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ اس کے لیے انفرادی سوچ کو قومی و اجتماعی سوچ میں بدلنے کی ضرورت ہے۔

علامہ احمد نواز انجم نے شرکاء کو بتایا کہ تحریک منہاج القرآن کی صوبائی تنظیم ہر ماہ تحصیلوں کے دوہ جات کرے گی اور کارکردگی نہ دکھانے والی تنظیمات کے خلاف ایکشن ہوگا۔

اس موقع پر تحریک منہاج القرآن جنوبی پنجاب کے صوبائی رہنماء چودھری قمر عباس، چودھری مشتاق احمد سندھو، سردار شاکر خان مزاری، میجر محمد اقبال بھی موجود تھے۔ تنظیمی نشست میں ان تمام قائدین نے بھی خطابات کیے۔

پروگرام میں منہاج القرآن جنوبی پنجاب کے تمام صدور اور ناظمین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو انٹرنیشنل امن کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کی۔ اس پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

Top