لودہراں: کروڑ جانثار ہموطنوں کے ذریعے کرپٹ نظام سے ٹکرائیں گے، شیخ زاہد فیاض کا ورکرز کنونشن سے خطاب

لودہراں (13 ستمبر 2013) پاکستان عوامی تحریک کے صدر شیخ زاہد فیاض نے لودھراں میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری بہت جلد عوامی طاقت سے غریب دشمن سیاسی کلچر کو ذبح کر دیں گے۔ پوری قوم نے دیکھ لیا کہ فراڈ الیکشن کے بعد وہی سیاسی گھوڑے پارٹی بدل کر اقتدار میں آگئے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر الیکشن لڑنے والے بھی اب انتخابی نظام کی کرپشن پر چیخ رہے ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری نے 11 مئی سے پہلے  ہی کرپٹ سیاسی نظام کے ایک ایک مہرے کو ننگا کر دیا۔ اب ہم نے موجودہ حکومت کو وقت دیا کہ وہ ڈیلیور کریں وگرنہ ان کا حشر سابقہ حکمرانوں سے بد تر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی جدوجہد کے فیز ٹو میں داخل ہو رہے ہیں، ملک بھر سے ایک کروڑ سے زائد جانثار ہموطنوں کے ذریعے اس باطل نظام سے ٹکرائیں گے، ہماری جدوجہد روز اول سے پر امن ہے اور ہم اپنی منزل کے حصول تک پر امن رہنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر تحریک منہاج القرآن ملتان زون کے ناظم دعوت مفتی ارشاد حسین سعیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تخلیق آدم سے لیکر آج تک حق و باطل میں تصادم ہوتا چلا آرہا ہے۔ ہر دور میں اہل حق کے مقابل باطل قوتیں اپنی پوری توانائیوں کے ساتھ محاذ آراء ہوتی آئی ہیں۔ آدم علیہ السلام کا ابلیس سے ابراہیم علیہ السلام کا نمرود سے موسیٰ علیہ السلام کا فرعون سے اور محمد عربی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ابوجہل سے ٹاکرا ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر کا سب سے بڑا فراڈ ہمارا نظام انتخاب ہے جسکی خرابیوں کو ڈاکٹر طاہر القادری نے 23 دسمبر کے جلسے میں بیان کیا۔ پھر اسلام آباد لانگ مارچ کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری کے تربیت یافتہ کارکنوں نے پر امن احتجاج کی ایسی تاریخ رقم کی کہ دنیا دنگ رہ گئی۔

ملتان زون کے ناظم چودھری قمر عباس نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری غریب پاکستانیوں کی آواز بن چکے ہیں۔ پاکستان کے مظلوم عوام کو ظالم حکمرانوں سے نجات دلانے کے لیے ہم لانگ مارچ فیز ٹو میں جا رہے ہیں۔ اہل ملتان اس لانگ مارچ میں ہراول دستہ ہوں گے۔

صدر تحریک منہاج القرآن ملک اسلم حماد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ اور بتایا کہ لودہراں کی تمام یونین کونسلوں میں تنظیم سازی مکمل ہو چکی ہے۔ ہم اپنے قائدین کو یقین دلاتے ہیں کہ 23 دسمبر کے جلسہ اور اسلام آباد لانگ مارچ کی طرح انقلابی جدوجہد کے فیز ٹو میں بھی لودہراں کا حصہ سب سے نمایاں ہوگا۔

یاد رہے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ جب میلاد چوک پہنچے تو سینکڑوں نوجوانوں نے ان پر پھول کی پتیاں نچھاور کر کے استقبال کیا۔ اس موقع پر خواتین کی ایک بہت بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ لودہراں کہروڑ پکا اور دنیا پور کے کارکنان اور عہدیداران بھی موجود تھے۔ خاص طور پر جلال پور پیر والہ سے بھی منہاج القرآن کے عہدیداران آئے۔

کنونشن میں تلاوت قاری اللہ دتہ مہروی نے اور نعت شریف سیلم قادری نے پیش کی جبکہ نقابت کے فرائض رانا محمد ظاہر نے سر انجام دیئے۔ کنونشن کے دوران نماز عصر اور نماز مغرب با جماعت ادا کی گئی۔ بذریعہ پروجیکٹر ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام کارکنان کو سنوایا گیا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ، ایم ایس ایم، منہاج القرآن ویمن لیگ نے اس پروگرا م کو کامیاب بنایا۔ پروگرام کے دوران شرکاء کی خاطر تواضع بھی کی گئی۔ آخر میں وطن عزیز کی سلامتی کے لیے دعا ہوئی۔

تبصرہ

Top