لودھراں: ایم ایس ایم کے زیراہتمام امید پاکستان طلبہ کنونشن
ضلع بھر سے کثیر تعداد میں طلبہ کی شرکت، مرکزی صدر ایم ایس ایم کا خطاب
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لودھراں کے زیراہتمام امید پاکستان طلبہ کنونشن کا انعقاد 24 اکتوبر کو اسلامک سنٹر لودھراں میں ہوا جس کی صدارت مرکزی صدر ایم ایس ایم پاکستان چوہدری عرفان یوسف نے کی، جبکہ مہمان خصوصی سینئر نائب صدر ایم ایس ایم پاکستان عبدالعمار منعم، سید وقاص بخاری کوآرڈینیٹر ایم ایس ایم ملتان ڈویژن، عمر فاروق ضلعی کوآرڈینیٹر لودھراں، صدر ایم ایس ایم لودھراں محمد امیر علی شریک تھے۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر ایم ایس ایم پاکستان نے کہا کہ ہم 65 سال قبل انگریز کی غلامی سے آزاد تو ہوئے مگر پاکستان بننے کے کچھ ہی سال بعد ہم اشرافیہ کے غلام بن گئے۔ حقیقت یہ کہ موجودہ نظام کے تحت ہم کل کسی کے غلام تھے، آج کسی کے تو کل کسی اور کے ہوں گے۔ حقیقی آزادی ہمیں تبھی نصیب ہوگی جب ہم ظالم نظام کے شکنجے سے آزادی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ قوم کا مستقبل ہوتا ہے جبکہ ہماری سیاسی قیادتوں کے پاس تعلیم اور طلبہ کیلئے کوئی پالیسی نہیں ہے۔
سینئر نائب صدر ایم ایس ایم پاکستان عبدالعمار منعم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ڈاکٹر طاہر القادری کے پیغام اور دعوت انقلاب کو پاکستان کے ہر طالب علم تک پہنچانا ہے۔ یہ ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ وطن عزیز سے ظلم و جبر کے خاتمے کیلئے اٹھ کھڑے ہوں اور اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں جب تک انقلاب کا سویرا طلوع نہیں ہو جاتا۔
کنونشن سے سید وقاص بخاری ڈویژنل کوآرڈینیٹر ایم ایس ایم ملتان نے خطاب کرتے ہوئے عہد کیا کہ ہم قائد انقلاب کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔
اختتام پر اللہ کے حضور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔
تبصرہ