منہاج القرآن لودھراں کے زیراہتمام شب برات کا سالانہ اجتماع

تحریک منہاج القرآن لودھراں کے زیراہتمام لودھراں اسلامک سنٹر میں سالانہ شب بیداری و شب برات کا روحانی اجتماع 20 اپریل 2019ء کو منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹر منہاج القرآن جاپان علامہ محمد شکیل ثانی نے خصوصی خطاب کیا۔ پروگرام میں مرکزی نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر خان مزاری نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سالانہ شب بیداری میں ہزاروں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

علامہ شکیل احمد ثانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوف خدا اور ندامت میں بہائے گئے آنسو اللہ رب العزت کو سب سے زیادہ پیارے ہوتے ہیں۔ انسان کی کامیابی اسی میں ہے کہ وہ اپنے مالک حقیقی کو جلد از جلد راضی کرے۔ توبہ واحد ذریعہ نجات ہے۔ تحریک منہاج القرآن لودھراں ہر سال شب برات پر آنسوؤں کی بستی آباد کرتی ہے تاکہ رحمت خداوندی کی خیرات سمیٹی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری امت مسلمہ کے نوجوانوں کی بڑی فکر رکھتے ہیں وہ ہمہ وقت مسلمان نوجوانوں کی تعلیم و تربیت میں مصروف عمل رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ منہاج القرآن اسلامک سنٹر کی تعمیر میں اہل لودھراں کی دلچسپی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ منہاج القرآن اسلامک سنٹر اسلام کا عظیم قلعہ ثابت ہوگا جہاں سے حفاظ علماء کرام مفید اور پرامن شہری پیدا ہوں گے۔

پنجاب کے زونل امیرسردار شاکر خان مزاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری اپنی قوم کو مصطفوی بنا رہے ہیں۔ ان کی تحریر و تقریر درس امن ہے جسے پوری دنیا قبول بھی کر رہی ہے اور سراہ بھی رہی ہے۔

مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر منہاج القرآن راؤ عارف رضوی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ملک کے کونے کونے میں دعوت عشق محمدی کا پرچارکر رہی ہے اور وہ وقت قریب ہے جب اسلام کا اجالا ہر سو پھیلے گا اور یہ سعادت تحریک منہاج القرآن کے حصے میں آئی ہے۔

یاد رہے تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام کئی عشروں سے جاری سالانہ شب بیداری بسلسلہ شب برات کا اہتمام منہاج القرآن اسلامک سنٹر میں کیا گیا جبکہ اسلامک سنٹر سے متصل میرج لان میں بڑی تعداد میں خواتین ساری رات نعت خوانی تلاوت کلام پاک اور نوافل ادا کرتی رہی۔

اس پروگرام میں نعت خوانی کے علاوہ انفرادی عبادات قرآن پاک کی تلاوت زیارت قبرستان بھی کی گئی اور اور صلوۃ التسبیح باجماعت ادا کی گئی۔ عورتوں کی امامت علامہ نصیر احمد بابر نے کی جب کہ مردوں کی امامت قاری اللہ دتہ مہروی نے کی بعد ازاں محفل ذکر ہوئی اور شرکاء اپنے گناہوں کی معافی مانگتے رہے۔ دعا کے بعد تمام خواتین و حضرات کو وافر مقدار میں سحری پیش کی گئی۔

لودھراں: حفاظ کی دستار بندی

شب برات کے پروگرام میں منہاج القرآن اسلامک سنٹر لودھراں میں زیرتعلیم حفظ مکمل کرنے والے درجنوں حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی، یہاں بچوں نے ریکارڈ مدت میں قرآن مجید حفظ کیا۔ اس موقع پر امیرتحریک منہاج القرآن پنجاب سردار شاکر خان مزاری تحریک منہاج القرآن کے عہدے داران اور لودھراں کے عمائدین الحاج سراج احمد، ملک غلام نازک ارائیں، رانا سعید احمد ملک احمد بخش حاجی احمد بخش رانا اشرف علی خان را و عارف رضوی مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر منہاج القرآن، چوہدری عبدالغفار ضلعی امیر، ملک اسلم حماد صدر منہاج القرآن، امیر اہلسنت حاجی مرزا محمد علی نے حفاظ بچوں کی دستار بندی کی اور بچوں کو اسناد پیش کیں۔

تبصرہ

Top