تحریک منہاج القرآن جنوبی پنجاب کے زیراہتمام ایک روزہ سوشل میڈیا ورکشاپ
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کے گروپ ہیڈ نوراللہ صدیقی نے تحریک منہاج القرآن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام منعقدہ ایک روزہ سوشل میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عصرحاضر میں سوشل میڈیا کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے جسے ففتھ جنریشن وار کہا جاتا ہے۔ اس کے مثبت استعمال کے لیے تربیت بہت ضروری ہے۔ پرامن اور قانون پسند معاشرہ کی تشکیل کیلئے سوشل میڈیا کے جدید ذرائع ابلاغ کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ سوشل میڈیا کے زریعے فرقہ واریت کو ہوا دی جارہی ہے لہذاانتہاپسندی کے خاتمے اوربین المسالک رواداری کیلئے سوشل میڈیا کا کردارانتہائی اہم ہے۔ نوراللہ صدیقی نے اسیر انقلاب سلطان علی کے ایشو کو اجاگر کرنے پر ملتان کے الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
ایک روزہ سوشل میڈیا ورکشاپ میں جنوبی پنجاب بھر سے تحریک منہاج القرآن کے ضلعی، تحصیلی اوریونین کونسل سطح کے ناظمین نشرواشاعت نے شرکت کی۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا عین الحق بغدادی اور مرکزی میڈیا کوارڈینیٹر راؤ محمد عارف رضوی کے سوشل میڈیا ورکشاپ میں شرکت کیلئے منہاج القرآن اسلامک سنٹر لودھراں پہنچنے پر مرکزی نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر مزاری، ڈویژنل امیر تحریک منہاج القرآن ملتان راؤ محمد اسحاق، سربراہ زونل انفارمیشن سیل رانا محمد ظاہر، ضلعی صدر لودھراں چوہدری عبدالغفار سنبل، ملک مزمل مصطفوی، چوہدری محمدعلی اور دیگر قائدین نے گرمجوشی سے استقبال کیا۔
مرکزی نائب ناظم اعلیٰ سردارشاکرمزاری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نوجوانوں کی کیئر کونسلنگ کے ساتھ ساتھ تعلیمی، تربیتی، سماجی، معاشی، اخلاقی رہنمائی کے حوالے سے ایک مربوط پروگرام پر عمل پیرا ہے، سوشل میڈیا ورکشاپ اس کا ایک قابل تقلید ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام اور نظریہ پاکستان کے مخالفین نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کے لیے سوشل میڈیا کے ذریعے غلط اعداد و شمار اور حقائق و واقعات پیش کرتے ہیں، اس منفی مہم کے توڑ کے لیے محب وطن، پڑھے لکھے نوجوان سامنے آئیں اور انتشار پسند عناصر کی منفی کارروائیوں اور پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیں جبکہ سوشل میڈیاکے زریعے انتشار پھیلانے والے افراد اور گروہوں کے خلاف نیکٹا کاروائی کرے۔
سوشل میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا عین الحق بغدادی نے کہا کہ تعلیم کے حصول، شعور کی ترقی اور انسانی اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے سوشل میڈیا دو طرفہ ذریعہ اظہار ہے اور اس کے مثبت استعمال کے حوالے سے ہر نیٹ یوزر کو بنیادی معلومات اور ٹیکنیکس سے آگاہ ہونا چاہیے۔ منہاج القرآن کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس نے ہمیشہ نفرتوں کے خاتمے کیلئے کردار ادا کیا۔
مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر برائے جنوبی پنجاب راؤ محمد عارف رضوی نے کہا کہ آج کل سیاسی، سفارتی مقاصد کے حصول کے لیے بھی سوشل میڈیا کا استعمال کیا جارہا ہے۔ فی زمانہ سوشل میڈیا اور جدید ذریعہ ابلاغ سے لاتعلق نہیں رہا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حق بیان کرنے کے لیے بھی سوشل میڈیا کا استعمال ناگزیر ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطبہ حجتہ الوداع کے موقع پر حضور نبی اکرم ﷺ نے قیامت تک آنے والے انسانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حق دوسروں تک پہنچاؤ اور دوسرا قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق غلط خبروں کا سدباب مومن مسلمان کی ایمانی زندگی کی اہم ذمہ داری ہے۔
سوشل میڈیا ورکشاپ سے سربراہ زونل انفارمیشن سیل رانا ظاہرالقادری اور ضلعی ناظم تحریک ڈاکٹر انور قادری نے بھی خطاب کیا جبکہ راؤ محمد اسحاق، نشاط احمد باجوہ ایڈووکیٹ، چوہدری عبدالغفار سنبل، چوہدری محمد علی، مزمل ملک، مہر شعبان ورک، اظہر حسین لنگاہ ایڈووکیٹ، مرزاارشد، زاہد علی اور دیگر نے شرکت کی۔
تبصرہ