منہاج القرآن ویمن لیگ میرپور : میٹنگ استقبال قائد و عید ملن پارٹی

منہاج القرآن ویمن لیگ میرپور آزادکشمیر کے زیرِاہتمام استقبال قائد و عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں محترمہ طاہرہ فردوس ایڈووکیٹ ممبر مرکزی مجلس عاملہ منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ سرپرست منہاج القرآن ویمن لیگ میرپور محترمہ رضیہ سلطانہ، محترمہ رخسانہ زبیر قریشی صاحبہ صدر منہاج القرآن ویمن لیگ میرپور، محترمہ مسرت آفتاب صاحبہ ناظمہ حلقات درود و فکر، محترمہ شمیم سعید، محترمہ کبریٰ نثار ناظمہ، شمائلہ فضل ناظمہ ایم ایس ایم سسٹرز میرپور نے شرکت کی۔

محترمہ طاہرہ فردوس ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تجدید و احیائے دین کیلئے تحریک منہاج القرآن دنیا کے پانچوں براعظموں میں ایک باوقار اور مؤثر وجود رکھتی ہے۔ حقیقی اسلامی تعلیمات کے فروغ کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر کروڑوں مسلمانوں کیلئے مشعل راہ بن چکی ہے۔ آج سے 32 برس قبل انہوں نے جس تحریک کی بنیاد رکھی تھی وہ بلاشبہ تنظیمی نیٹ ورک کے اعتبار سے آج دنیا کی سب سے بڑی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین مبین کے حوالے سے جب بھی منفی پراپیگنڈے کے ذریعے فضا خراب کرنے کی مذموم کوششیں ہوئیں تو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قرآن و سنت کے قوی دلائل کے ساتھ ایسے فتنوں کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا۔ تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف انہوں نے تاریخی فتویٰ کے ذریعے فکری و عملی رہنمائی دے کر پوری دنیا کو بتا دیا کہ اسلام امن و سلامتی اور محبت کا دین ہے، یہ پوری انسانیت کو امن عطا کرتا ہے اس کے ساتھ انتہا پسندانہ رویوں کو منسوب کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

کارکنوں کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کردار کے پیکر بن کر موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب وطن عزیز سے استحصال اور ظلم کا خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی مشن کی کامیابی کا پختہ یقین رکھتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا دست و بازو بنیں اور عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نور سے اپنے قلب و روح منور کریں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین اس کرپٹ اور فرسودہ سیاسی نظام اور نظام انتخابات کو بدلنے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں تاکہ ملک و قوم اور آنے والی نسلوں کو اس عذاب سے نجات دلائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی دین کے حوالے سے شرپسندوں نے ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی تو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امت کو رہنمائی دینے کا حق ادا کر دیا۔ تحریک منہاج القرآن نے اللہ تعالیٰ اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے کمزور ہو جانے والے تعلق کو بحال کرنے کیلئے انتہائی مؤثر اور نتیجہ خیز کام کیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 32 سال کے مختصر عرصہ میں امت مسلمہ کو کتابوں اور سی ڈیز کے ذریعے ایسا علمی خزانہ عطا کر دیا ہے جو کئی صدیوں تک آنے والی نسلوں کی رہنمائی کرتا رہے گا۔

رپورٹ : روبینہ احسان قریشی
ناظمہ تربیت منہاج القرآن ویمن لیگ میرپور

تبصرہ

Top