منہاج القرآن انٹرنیشنل (ناروے) کے زیر اہتمام محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

مورخہ: 16 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے کے زیر اہتمام مورخہ 16 جون 2012ء کو سالانہ محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پروگرام منعقدہ ہوا۔ جس میں خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ جرمنی کے ڈائریکٹر علامہ محمد اقبال فانی تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت علامہ قاری نور علی سیالوی امام وخطیب مسلم سنٹر فیورست نے حاصل کی۔ قاسم محمود، عبدالمنان اور علامہ قاری اسرار احمد منہاجین نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ علامہ محمداقبال فانی نے سفر معراج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سفر معراج کو سمجھنے کے لئے انسانی عقل عاجز ہے، سفر معراج کے ذریعے قیامت تک کے لئے کائنات کو علم و سائنس کے راستے دکھا دیئے گئے، سفر معراج تین مرحلوں میں مکمل ہوا اور مختلف لوگوں نے اپنی اپنی عقل کے مطابق واقعہ معراج کی تعبیر کی اور بہت سارے لوگ معجزہ معراج کو نہ مانتے ہوئے فتنوں کا شکار ہوئے۔ سورۃ النجم کی ابتدائی آیات میں واقعہ معراج کو بیان کیا گیا ہے کہ پاک ہے وہ ذات جو اپنے محبوب کو رات کے تھوڑے سے عرصے میں سیر پر لے گئی۔

پروگرام کی نقابت کے فرائض پاکستان سے آئے مہمان علامہ نصیر احمد نوری نے احسن انداز میں ادا کئے۔ پروگرام کے آخری حصہ میں منہاج القرآن اوسلو تنظیم اور تمام فورمز کی حلف برداری کی گئی۔ اس موقع پر منہاج یورپین کونسل کے صدر اعجاز احمد وڑائچ نے نئی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ پروگرام کے اختتام پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں سلام پیش کیا گیا اور حاضرین کی لنگر سے تواضع کی گئی۔

رپورٹ: عقیل قادر

تبصرہ

Top