منہاج القرآن اسلامک سنٹر بارسلونا کے زیراہتمام ورکرز کنونشن

مورخہ: 10 جون 2010ء

منہاج القرآن اسلامک سنٹر بارسلونا سپین کے زیراہتمام مورخہ 10 جون 2010ء بروز جمعرات رات 10 بجے ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں بارسلونا، لوگرونیا، گاندیا اور گرد و نواح میں رہنے والے رفقاء و وابستگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کنونشن کے مہمان خصوصی صدر سپریم کونسل منہاج القرآن صاحبزادہ حسن محی الدین قادری تھے جبکہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ اقبال اعظم نے بھی خصوصی شرکت کی۔

کنونش کا باقاعدہ آغاز امام منہاج القرآن اسلامک سنٹر بارسلونا حافظ محمد عابد نقشبندی کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد حافظ محمد عاطف صدر منہاج یوتھ لیگ سپین نے حضور علیہ السلام کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچاور کیے، جبکہ کنونشن کی نقابت کے فرائض امیر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین علامہ عبدالرشید شریفی نے ادا کئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سینئرنائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے رفقاء و وابستگان کو مرکزی قائدین کے دورہ یورپ کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا اور موجودہ دور میں منہاج القرآن کی اہمیت و انفرادیت کے موضوع پر گفتگو کی۔ انہوں نے وابستگان کو تلقین کی کہ وہ وابستگی سے آگے بڑھتے ہوئے منہاج القرآن کے تاحیات رفیق بنیں اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات کو اپنی زندگیوں کا معمول بنائیں۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد اقبال اعظم نے MWF کے پراجیکٹ آغوش کے تعمیراتی کام کی پراگریس رپورٹ پیش کی اور یتیم بچوں کی کفالت کے منصوبہ آغوش میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے رفقاء و وابستگان کو MWF کی طرف سے اعزازی اسناد تقسیم کیں۔

کنونشن کے اختتام پر صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب کا آغاز قرآن مجید کی سورۃ نخل کی چند آیات سے کیا۔ آپ نے ان کی تفصیل بیان کرتے ہوئے شہد کی مکھیوں کی مثال دی اور اس کے ذریعے کارکن کی ذمہ داریاں اور قیادت کے ساتھ وفاداری کے حوالہ سے سیرحاصل گفتگو فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس دنیا میں اللہ کے مقرب لوگوں سے محبت کرتے ہیں اور ان کی سنگت و رفاقت اختیار کرتے ہیں روز قیامت اللہ رب العزت انہیں اپنے ان مقرب بندوں کے ساتھ ہی اٹھائے گا۔ انہوں نے تمام حاضرین کو دعوت دی کہ وہ تحریک منہاج القرآن کا مطالعہ کریں، اس کی رفاقت حاصل کریں اوراس کے پیغام کو دوسروں تک بھی پہنچائیں۔

کنونشن کا اختتام صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کی خصوصی دعا سے ہوا۔

رپورٹ : نوید احمد اندلسی

تبصرہ

Top