امریکہ: کنیکٹیک میں سالانہ میلاد کانفرنس

p>منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ کے زیراہتمام سالانہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس 2 دسمبر 2017ء کو منہاج القرآن النور اسلامک سنٹر کنیکٹیک میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت حاجی غلام سرور نے کی۔ شام 5 بجے پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کی سعادت حافظ نعمان سرور، حافظ شہاب الدین احمد فرحاد اور تاج الدین نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد قرآن لرننگ کلاس کے بچے اور بچیوں نے قصیدہ بردہ شریف اور درود پاک پڑھ کر خوب رنگ جمایا۔ محمد ا رشد لطیف اور طارق محمود علوی نے اپنے مخصوص انداز میں تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی کی۔ اس پروگرام میں نقابت کے فرائض علامہ محمد شریف کمالوی (ڈائریکٹر منہاج القرآن النور اسلامک سنٹر کنیکٹیک) نے سرانجام دیئے۔

علامہ حسن میر قادری (ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر فرانس، مرکزی نائب ناظم اعلیٰ دعوت اوورسیز اور صدر منھاج سکالرز فورم یورپ) نے میلاد کانفرنس میں مرکزی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج میرا موضوع حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مختلف نام اور ان کے معانی بیان کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نام مشہور تو 99 ہیں لیکن آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نام 1400 ہیں جو مختلف کتب میں آئے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عمر بھر حضور تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وسلم سے وارفتہ عشق کرنے کی تعلیمات دی ہیں۔ ذات مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ہی ہمارے ایمان کا مرکز و محور ہونا چاہیے، یہی منہاج القرآن کا پیغام ہے۔
کانفرنس میں کثیر لوگوں نے شرکت کی اور اس پروگرام میں کیک بھی کاٹا گیا۔ پروگرام کی انتظامیہ نے خوب محنت سے اس کو کامیاب کیا جن میں محمد عارف، وقار احمد بٹ، یحیٰ بھائی کے علاوہ دیگر افراد نے بھی اپنی بساط کے مطابق خوب کام کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر درودوسلام پڑھا گیا اور علامہ محمد شریف کمالوی نے خصوصی طور پر اختتامی دعا فرمائی۔

تبصرہ

Top