تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں میلاد تقریبات جاری

سال 2011 میں ماہ ربیع الاول 1432 کی آمد کے ساتھ ہی تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت کے سلسلہ میں میلاد تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ ان تقریبات کا آغاز 30 صفر کی شام کو استقبال ربیع الاول کے جلوس سے ہوا۔ جس میں تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے جشن آمد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے مشعل بردار جلوس نکالا۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ، جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاون اور اردگرد کی عمارتوں پر خوبصورت چراغاں بھی کیا گیا ہے۔ مرکزی سیکرٹریٹ کی طرف سے آنے والے راستوں کو بھی خوبصورت لائٹنگ سے سجایا گیا ہے۔

تحریک منہاج القرآن کی طرف سے ماہ ریبع الاول کی میلاد تقریبات دنیا بھر میں پورا ماہ جاری رہتی ہیں۔ اس سلسلے میں مرکزی سیکرٹریٹ میں ہر روز نماز مغرب کے بعد ضیافت میلاد کا انعقاد ہوتا ہے۔ ضیافت میلاد سے پہلے نماز عصر سے مغرب تک کے درمیانی وقت میں شرکاء میلاد کا جلوس بھی نکالتے ہیں۔ یہ جلوس ماڈل ٹاون مرکزی سیکرٹریٹ سے شروع ہو کر روزانہ مختلف روٹس پر جاتا ہے۔

جلوس کے شرکاء نماز مغرب کے بعد ضیافت میلاد کی محفل میں شریک ہوتے ہیں۔ جہاں محفل نعت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ مرکزی سیکرٹریٹ کے دانش ہال میں ہونے والے اس پروگرام میں مرکزی قائدین کی بڑی تعداد خصوصی طور پر شریک ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر سے معروف نعت خواں حضرات روزانہ نعتیں پیش کرتے ہیں۔ محفل نعت کے اختتام پر شرکاء کو پرتکلف ضیافت میلاد دی جاتی ہے۔ ضیافت کا یہ سلسلہ ہر خاص و عام کے لیے جاری ہے۔ جہاں لوگ جوق در جوق آتے ہیں۔

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ماہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی میں 6 فروری 2011ء کو لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، میرپور آزاد کشمیر، کسووال اور دیگر اضلاع میں میلاد مارچز کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی اور ایمان کی تازگی کے لیے ساماں پیدا کیا۔ اسی طرح دنیا بھر میں تحریک کے زیراہتمام میلاد مارچز، محافل نعت اور میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے دیگر پروگراموں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب کو مینار پاکستان لاہور میں عالمی میلاد کانفرنس کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، جس میں لاکھوں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم وسلم شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی خطاب بھی ہوگا۔

تبصرہ

Top