اجلاس پاکستان عوامی تحریک جموں کشمیر

مورخہ: 09 مارچ 2011ء

پاکستان عوامی تحریک جموں کشمیر کا اہم اجلاس میرپور میں منعقد ہوا جس کی صدارت پاکستان عوامی تحریک جموں کشمیر کے صدر سردار منصور احمد خان نے کی۔ دیگر شرکاء میں نائب امیر کشمیر سردار اعجاز سروزئی، ناظم کشمیر حافظ احسان الحق، صدر تحریک میرپور پروفیسر بشارت علی چوہدری، صدر تحریک افضل پور شاہد محمود بٹ، خالد محمود انجم، قاری محمد علی صدر علماء کونسل افضل پور، سردار نجم الثاقب، صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ میرپور راجہ ساجد محمود قادری، سیکرٹری جنرل یوتھ لیگ میرپور محمد عرفان، محمد عارف، صدر MSM میرپور گلزار حبیب، علامہ حافظ محمد ہارون اور کارکنانِ تحریک نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

صدر پاکستان عوامی تحریک سردار منصور احمد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر جس نازک دوراہے پر ہے اس میں ہمیں سوچ سمجھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر غور و خوض کرنا ہوگا۔ اگر ہر ایک نے ڈیڑھ انچ کی اپنی الگ مسجد بنانے کی کوشش کی تو کشمیر کاز کو سخت نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ہم کسی کو کشمیری عوام کی تقدیر سے کھیلنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔اگر کسی نے اپنے ذاتی مفادات کیلئے کشمیری عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی تو پاکستان عوامی تحریک جموں کشمیر ان کے سامنے سیسہ پھیلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہو جائے گی۔

ناظم کشمیر حافظ احسان الحق نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کشمیری عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بہت بڑے فلاحی منصوبہ جات کو لانچ کر رہی ہے۔ سردار اعجاز سروزئی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک جموں کشمیر آنے والے انتخابات میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ہم کسی کو کشمیریوں کی تقدیر سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

پروفیسر بشارت علی چوہدری اور شاہد محمود بٹ نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک جموں کشمیر کشمیریوں کی حقیقی نمائندہ تحریک ہے اور ہم کسی کو عوامی مفادات پر شب خون مارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

رپورٹ : عزیر قریشی (سیکرٹری انفارمیشن ایم ایس ایم میرپور آزاد کشمیر)

تبصرہ

Top