طاہر فاؤنڈیشن سکول شاہدرہ میں عرفان القرآن کورس کی افتتاحی تقریب

مورخہ: 16 جون 2011ء

تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت کے زیراہتمام 16 جون 2011ء کو طاہر فاؤنڈیشن سکول شاہدرہ لاہور میں عرفان القرآن کورس کا افتتاح کیا گیا۔ مرکزی ڈائریکٹر عرفان القرآن کورسز محمد شریف کمالوی نے پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ شرکاء کی کثیر تعداد بھی پروگرام میں موجود تھی۔ اس پروگرام میں تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر محمد ارشاد طاہر اور ڈاکٹر اقبال نور نے عرفان القرآن کی خصوصی کلاس کا انتظام کیا تھا۔

کلاس کی معلمہ محترمہ رخشندہ نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ عرفان القرآن کی اس کلاس کا مقصد طلبہ اور طالبات کو اسکول لیول پر ہی قرآنی تعلیمات سے روشناس کرانا ہے۔ اس لیے تحریک منہاج القرآن نے اس کام کو نہایت ہی احسن انداز میں کیا ہے۔

امیر لاہور ارشاد طاہر نے کہا ہے شیخ الاسلام نے ہدایت کی ہے کہ تحریک کے تمام رفقاء کو بنیادی دینی تعلیمات پہنچائی جائیں اور اسی سلسلے میں لاہور میں مختلف مقامات پر 25 سے زائد کلاسز کا اجراء کیا گیا ہے۔ 2011 میں رمضان المبارک میں آئیں دین سیکھیں کورس کی ان شاء اللہ 100 مقامات پر کلاسز کا اجراء کیا جائے گا۔

آخر پر محمد شریف کمالوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کورس کا مکمل تعارف کروایا اور کورس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں ڈاکٹر اقبال نور نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

اس پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

Top