تحریک منہاج القرآن کا 31واں یوم تاسیس

تحریک منہاج القرآن کا 31 واں یوم تاسیس 17 اکتوبر 2011ء کو منایا گیا۔ اس سلسلے میں مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین القادری اور فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین القادری نے خصوصی شرکت کی جبکہ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، امیر پنجاب علامہ احمد نواز انجم، پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء انوار اختر ایڈووکیٹ، نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، راجہ جمیل اجمل، جاوید اقبال قادری، قاضی فیض الاسلام، ساجد محمود بھٹی اور تحریک کے دیگر رہنماء بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجتماع میں ملک بھر سے تحریک منہاج القرآن کے تحصیلی و ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر قائدین تحریک نے صاحبزادہ حسن محی الدین القادری اور صاحبزادہ حسین محی الدین کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔

پروگرام میں تحریک منہاج القرآن کے قائدین نے تحریک کے حوالے سے اپنی وابستگی پر اظہار خیال کیا۔ صاحبزادہ حسن محی الدین القادری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے 31 برس قبل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جس تحریک کی بنیاد رکھی تھی وہ بلا شبہ تنظیمی نیٹ ورک کے اعتبار سے دنیا کی سب سے بڑی تحریک بن چکی ہے۔ تجدید و احیائے دین کیلئے تحریک منہاج القرآن دنیا کے پانچوں براعظموں میں پہنچ کر ایک باوقار اور مؤثر وجود کا درجہ اختیار کر گئی ہے۔ اس سلسلے میں حقیقی اسلامی تعلیمات کے فروغ کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر کروڑوں مسلمانوں کیلئے مشعل راہ بن چکی ہے۔

دین مبین کے حوالے سے جب بھی منفی پراپیگنڈے کے ذریعے فضا خراب کرنے کی مذموم کوششیں ہوئیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے قرآن و سنت کے قوی دلائل کے ساتھ ایسے فتنوں کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا۔ تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف انہوں نے تاریخی فتوی کے ذریعے فکری و عملی رہنمائی دے کر پوری دنیا کو بتادیا کہ اسلام امن و سلامتی اور محبت کا دین ہے۔ یہ پوری انسانیت کو امن عطا کرتا ہے اسکے ساتھ انتہا پسندانہ رویوں کو منسوب کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

صاحبزادہ حسین محی الدین القادری نے عہدیداران اور کارکنوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ کردار کے پیکر بن کر موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب وطن عزیز سے استحصال اور ظلم کا خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن تحریک منہاج القرآن کے تحت ویمبلے ایرینا لندن میں ہونیوالی امن برائے انسانیت کانفرنس عالم اسلام کی ایسی نمائندہ کانفرنس تھی جس میں دیگر مذاہب کے رہنماؤں اور پیروکاروں نے شرکت کر کے دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کا عہد کیا اور 24 نکاتی متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ یہ کانفرنس پوری دنیا کے امن پسند لوگوں کا تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات پر اظہار اعتماد تھا۔

ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی دین کے حوالے سے شرپسندوں نے ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی، شیخ الاسلام نے امت کو رہنمائی دینے کا حق ادا کر دیا۔ تحریک منہاج القرآن نے اللہ، قرآن اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے کمزور ہوجانے والے تعلق کو بحال کرنے کیلئے انتہائی مؤثر اور نتیجہ خیز کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے اسکالرز پوری دنیا میں دین مبین کے سفیر بن کر اسلام کی حقیقی تعلیمات کو پھیلانے میں کلیدی کرادار ادا کر رہے ہیں۔

سینئر نائب ناظم اعلی شیح زاہد فیاض نے کہا کہ مادیت اور فتنہ کے اس دور میں تحریک منہاج القرآن نے اسلاف کی تعلیمات کے فروغ میں جدید سائنسی ڈیوائسز کا بھرپور استعمال کیا ہے۔ اسلام کے چھ ہزار موضوعات پر شیخ الاسلام کے ہزاروں خطابات امت کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ شیخ الاسلام نے 31 سال کے مختصر عرصہ میں امت مسلمہ کو کتابوں اور CD'sکے ذریعے ایسا علمی خزانہ عطا کر دیا ہے جو آنے والی کئی صدیوں تک آنے والی نسلوں کی رہنمائی کرتا رہے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی، درجنوں کالجز اور 603 سکولز کے قیام کے ذریعے شیخ الاسلام نے علمی انقلاب بپا کردیا ہے۔ ان اداروں میں پڑھنے والے لاکھوں طلبہ معاشرے میں مثبت قدروں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔

انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کی بیداری شعور مہم اس ملک میں ظلم اور استحصال کے ظالمانہ نظام کے خاتمہ پر منتج ہو گی۔

پروگرام کا اختتام صاحبزادہ حسین محی الدین القادری کی دعا پر ہوا۔

تبصرہ

Top