ملک کا بچہ بچہ دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ارشاد طاہر

نیٹو جارحیت کے خلاف تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک لاہور کی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر لاہور ارشاد احمد طاہر نے کہا ہے کہ ریلی میں شریک ہزاروں افراد نیٹو حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ملک کا بچہ بچہ دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ خارجہ اور داخلہ پالیسیوں کو ملکی مفاد کے مطابق تشکیل دئیے بغیر ملکی استحکام ممکن نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اہم ترین کردار اور قربانیوں کو بالائے طاق رکھ کر اسکی سالمیت پر حملہ آور ہونیوالے جان لیں کہ پاکستانی ایک خود دار قوم ہیں اور ہماری فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اس لئے کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں ہونی چاہیے۔ وہ ایوان اقبال سے شروع ہونیوالی احتجاجی ریلی کے ہزاروں شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔

ریلی کا اختتام لاہور پریس کلب کے سامنے ہوا۔ شرکاء نے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج زندہ باد، بیرونی جارحیت کی پر زور مذمت کرتے ہیں، نیٹو حملہ نامنظور جیسے کلمات درج تھے۔ اس موقع پر ناظم لاہور حفیظ اللہ جاوید، منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور کے صدر چوہدری علی حسن، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے صدر چوہدری علی رضا سمیت لاہور کی ایگزیکٹو کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

ارشاد طاہر نے کہا کہ معاشی طور پر مستحکم پاکستان ہی خطے میں باوقار مقام حاصل کر سکتا ہے اس لئے معاشی خود مختاری کیلئے انقلابی فیصلے کرنا ہو نگے۔ پاک فوج کی موجودہ پالیسی قوم کے دل کی آواز ہے اس آئندہ کسی کو جارحیت کی جرات نہ ہو سکے گی۔ پاکستان عوامی تحریک لاہورکے صدر افضل گجر نے کہا کہ نیٹو نے پاکستانی حدود میں حملہ کر کے پاکستانی قوم کو جگا دیا ہے۔ ہم شہداء کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اس لئے آئندہ کوئی ایسی بزدلانہ کارروائی کی جرات نہ کر سکے گا۔ نیٹو حملہ کی پوری قوم نے بھر پور مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی سے نجات حاصل کر کے ہی حقیقی خودمختای حاصل ہو سکے گی۔ ملک کو قرضوں کے چنگل سے نجات دلانے کیلئے قوم کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

تبصرہ

Top