گوشہ درود اور حلقات درودوفکر کے حوالے سے تعارفی نشست

تحریک منہاج القرآن کا گوشہ درود اور حلقات درودوفکر نسبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خیرات تقسیم کررہا ہے جو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشاق کے لیے عظیم تحفہ ہے۔ گوشہ درود اور حلقات درودوفکر مادیت، جدیدیت اور لادینیت کی یلغار کے دور میں مسلمانوں کے لیے تعلیم و تربیت کا بہترین مرکز ہے۔ ان باتوں کا اظہار سینئر نائب ناظم تحریک منہاج القرآن (حلقات درودوفکر) نے گذشتہ روز تحریک منہاج القرآن شعبہ نظامت تربیت کے زیراہتمام ہونے والے 10 روزہ تربیتی کیمپ برائے معلمین و معلمات سے کیا۔ اس کیمپ میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے کثیر تعداد میں معلمین و معلمات شریک ہیں، جنہیں تجوید، عقائد، ترجمہ، تفسیر، روز مرہ کی اسلامی دعائیں، احادیث، فقہ اور گرائمر کے علاوہ مختلف علوم وفنون میں تعلیم دی جا رہی ہے۔

علامہ محمد لطیف مدنی نے گوشہ درود اور حلقات درودوفکر کا تعارف، درودو شریف کی فضیلت، آداب اور اہمیت کے حوالے سےکہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نسبت اور رابطہ کے لیے آسان طریقہ درودوسلام ہے۔ تحریک منہاج القرآن نے اسی آسان راستہ کو اپنانے کے لیے مرکزی سیکرٹریٹ پر گوشہ درود اور فیلڈ میں حلقات درودوفکر کو عملی صورت میں قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوشہ درودوفکر میں 24گھنٹے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درودوسلام پیش کیا جاتا ہے۔ فیلڈ میں ہزاروں حلقات درودوفکر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درودوسلام کی شکل میں نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہیں اس طرح گوشہ درود اور حلقات درودوفکر کے ذریعہ سے امت کا رابطہ اپنے نبی علیہ السلام سے قائم اور مضبوط ہورہا ہے۔ درودوسلام کے ذریعہ سے رابطہ، تعلق، محبت آخر کار عشق تک پہنچ جاتا ہے یہی ایک سچے مومن کی منزل ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تحریک ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا کتابی اور خطابی سارا کام اسکی بین دلیل ہے۔ تحریک منہاج القرآن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذکروفکر کو ہر گھر اور ہر فردکے من میں پہچانا چاہتی ہے تاکہ مصطفوی مشن کا آفتاب طلوع ہو۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نسبتوں سے نوجوان نسل دور ہٹتی جارہی ہے اسی لیے تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود اور حلقات درودوفکر نسبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مضبوط کرنے کا ماحول فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ دنیا میں جہاں بھی رہیں لوگوں کو درودوسلام کی زنجیر میں جڑسکتے ہیں۔ اگر ہم نسل نو کو یہ ماحول فراہم کرتے ہیں تو یقیناًاس کے اثرات ان کے ذہنوں پر مرتب ہونگے جس میں انکے عقائد اور ایمان کا تحفظ ہوگا۔

انہوں نے کہا تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام امت مسلمہ کے عقائد اور ایمان کو تحفظ دینے کے لیے شمعیں روشن کررہے ہیں ہمیں ان کا دست وبازو بننا چاہیے۔ دست و بازو بننے کا ایک بہترین ذریعہ یہ ہے کہ ہم گوشہ درود میں ایک عشرہ گوشہ نشینی میں گزاریں اور اپنے گھروں، دفاتر، مساجد جہاں جگہ میسر ہو حلقات درودوفکر کا قیام عمل میں لائیں۔

پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

Top