نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام آئیں حدیث سیکھیں کورس کا آغاز

مورخہ: 06 مارچ 2012ء

نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مورخہ 06 مارچ 2012 کو جامع مسجد منہاج القرآن میں آئیں حدیث سیکھیں کورس کا آغاز کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز قاری محمد وقاص قادری نے تلاوت قرآن مجید سے کیا۔ اس کے بعد انچارج کورس حافظ محمد عمیر نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ نقابت کے فرائض سنیئر نائب ناظم تربیت علامہ محمد شریف کمالوی نے سرانجام دیے۔ مہمانان گرامی میں نائب ناظم اعلی غلام مصطفی ملک، پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی، امیر پنجاب احمد نواز انجم، ناظم علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ، حاجی منظور احمد شامل تھے۔

علامہ محمد نواز ظفر چشتی نے ہال میں موجود تمام شرکاء کورس کو ابتدائی احادیث پڑھا کر کورس کا باقاعدہ آغاز کیا۔ انہوں نے اس کورس کی اہمیت اور افادیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ حدیث پاک کو یاد کرانے کا یہ کورس قابل تحسین کاوش ہے۔ اسکے ذریعے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ٹوٹے ہوئے تعلق کو پھر سے بحال کیا جا سکتا ہے۔ اُنھوں نے حدیثِ پاک پڑھاتے ہوئے مزید کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے احادیث کو زبانی یاد کرنے کی اتنی زیادہ فضیلت بیان فرمائی ہے کہ اُمت مسلمہ کا جو شخص 40 احادیث زبانی یاد کرے گا اللہ تعالیٰ اُسے قبر سے فقیہ بنا کر اُٹھائے گا اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایسے شخص کیلئے فرمایا کے میں قیامت کے روز اس کیلئے شفاعت کرنے والا اور اس کے ایمان کا گواہ ہوں گا۔

ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کورس کی ضرورت واہمیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کورس کے مقاصد، دورانیہ اور اس میں شمولیت کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔ یہ کورس مستقل بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے جسکی روزانہ آدھا گھنٹہ کلاس بعد از نماز عصر مرکزی جامع مسجد منہاج القرآن میں ہوا کرے گی۔ انہوں کہا کہ جو شرکاء 40 احادیث مع تجوید قرات، سند حدیث، متن حدیث، ترجمہ ومختصر مفہوم یاد کر کے پہلے کلاس کی سطح پر بعدازاں ہر ماہ کی پہلی جمعرات کو مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں جملہ عوام الناس کے سامنے زبانی سنائیں گے نظامت تربیت کی طرف سے اُنہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب المنہاج السوی، نقد انعام اور سند بطور تحفہ دی جائی گی۔

تقریب کے اختتام پر پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی نے تمام امت مسلمہ کی امن وسلامتی کے لئے اور وہاں پر موجود شرکاء کی کاوش اور شیخ الاسلام داکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر اور صحت وسلامتی کے لئے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

Top