لاہور، واہگہ ٹاؤن میں آئیں دین سیکھیں کورس کا آغاز

مورخہ: 05 جون 2012ء

نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 5 جون 2012ء کو واہگہ ٹاؤن میں آئیں دین سیکھیں کورس کا آغاز ہوا، جس کی افتتاحی تقریب نور پور گاؤں میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں مرکزی ناظم عرفان القرآن کورسز علامہ محمد شریف کمالوی اور مرکزی نائب ناظم دعوت وتربیت علامہ افضال احمد قادری نے خصوصی شرکت کی جبکہ ناظم دعوت لاہور محمد رمضان ایوبی، ناظم واہگہ ٹاؤن ملک مجیب الرحمن، معلم آئیں دین سیکھیں کورس عبدالقیوم فاروقی اور کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض عبدالقیوم فاروقی نے سرانجام دیئے۔

محمد رمضان ایوبی نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے مہانان گرامی کو تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کیا اور شرکاء کورس کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ خوش قسمت لوگ ہیں جو آج کے اس مادیت پرستی کے دور میں قرآنی تعلیمات کو سیکھنے کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں۔

علامہ افضال احمد فاروقی نے شان علی المرتضی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہوئے مدلل خطاب کیا جس میں انہوں نے لوگوں کو اہل بیت اطہار کے ساتھ محبت، عقیدت اور ادب واحترام کا درس دیا۔

محمد شریف کمالوی نے عرفان القرآن کورس کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کورس میں صحیح تلفظ اور ترجمہ کے ساتھ نماز پڑھنا، آخری گیارہ سورتیں، احادیث مبارکہ اور روز مرہ کی دعاؤں کو زبانی یاد کرنے پر مشتمل نصاب پڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید لاریب کتاب ہے اس میں ہر مشکل کا حل موجود ہے بشرطیکہ ہم اس کلام کے ساتھ اپنا حبی وقلبی تعلق استوار کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے ملک بھر میں ان کورسز کا آغاز کر دیا ہے اور عوام الناس کو دینی تعلیمات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

تقریب کے اختتام پر ملک وقوم کی امن و آشتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ : عظمت فرید جوئیہ

تبصرہ

Top