قوم کے ہر فرد پر شرعی اعتبار سے فوج کی معاونت فرض ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 15 جون 2014ء

قوم کو پاک فوج پر فخر ہے اور قوم کا بچہ بچہ فوج کے ساتھ کھڑا ہے
دہشت گردی کے خلاف جہاد میں فوج کو فتح و نصرت نصیب ہو گی
پاک فوج کے جوان وطن کے محافظ، دفاع پاکستان کیلئے ہزاروں شہادتیں قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں
ڈاکٹر طاہرالقادری کا پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی عہدیداران کے ہنگامی اجلاس سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جہاد میں فوج کو فتح و نصرت نصیب ہو گی۔ قوم کے ہر فرد پر شرعی اعتبار سے فوج کی معاونت فرض ہے۔ اللہ، اسکا رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور پوری قوم پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ ہے۔ پوری قوم کو پاک فوج پر فخر ہے اور بچہ بچہ اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ دنیا کی کوئی فوج شجاعت، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت میں پاک فوج کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ پاک فوج کے جوان وطن کے محافظ ہیں اور دفاع پاکستان کیلئے انکی ہزاروں شہادتیں قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ اللہ کی مدد و نصرت پاک فوج کے ساتھ ہے اس لئے ہر محاذ پر کامیابیاں اور کامرانیاں فوج کا مقدر ہوں گی۔ وہ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی عہدیداران کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہر لقادری نے کہا کہ پوری قوم ہر جگہ دہشت گردوں پر نگاہ رکھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے شہریوں کی حفاظت کیلئے پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران کو یو سی، وارڈ اور گاؤں کی سطح پر دفاع پاکستان کمیٹیاں بنانے کی ہدایات دیں اورمنہاج القرآن کے سینکڑوں سکولز اور ہزاروں دعوتی سینٹرز کو پیس سینٹرز بنانے کا اعلان کیاجہاں شام کے اوقات میں امن و سلامتی کے لیکچرز اور تربیت کا اہتمام کیا جائے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاک فوج عملاً دہشت گردی کے خلاف جہاد کر رہی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان دہشت گردی کے خلاف جہاد میں بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان خون کے عطیات کیلئے تیار رہیں۔

تبصرہ

Top