منہاج القرآن علماء کونسل کے 27 ویں یوم تاسیس کے موقع پر علماء کنونشن کا انعقاد

لاہور تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن علماء کونسل کے 27 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مصلحتوں کے تحت حکومت قومی ایکشن پلان کو سبوتاژ کرنے کی سازش کررہی ہے، امن قائم کرنے کا جو موقع فوج کے تاریخی کردار کے باعث حاصل ہوا ہے۔ علماء اور عوام اسے کسی صورت ضائع نہیں ہونے دینگے۔ سالہا سال حکومتی صفوں میں بیٹھے وزراء اور اہم عہدیدار فرقہ واریت کو فروغ دیتے رہتے ہیں اور محرم الحرام میں حکومت کو بین المسالک ہم آہنگی اور علماء کا کردار یاد آجاتا ہے۔ انہوں نے علم اور امن کے فروغ کیلئے منہاج القرآن علماء ونگ کے ملی، مذہبی و قومی کردار کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب سے علامہ فرحت حسین شاہ، علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر قادری، مفتی ارشاد حسین سعیدی نے بھی خطاب کیا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ محرم الحرام میں علماء امن اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ اسلام امن، برداشت اور بھائی چارے کا دین ہے۔ اسلام میں بے گناہوں کے خون بہانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور پاکستان کے دشمن مذہب کے نام پر بے گناہوں کو خون میں نہلانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ اسلامیان پاکستان اپنے اتحاد اور یکجہتی سے دشمنان اسلام کی سازشوں اور وارداتوں کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ایک علمی فکری تحریک ہے قائد تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی سرپرستی میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے فروغ کیلئے پوری دنیا میں اپنا اسلامی و قومی کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام فروغ امن کے نصاب کا بطور خاص مطالعہ کریں اور امن کے اس پیغام کو بنی نو انسانیت تک پھیلائیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ افواج پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے تاریخی کردار ادا کیا تاہم پائیدار امن کے قیام کیلئے فکری سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے اور یہ کام صرف علمائے کرام کرسکتے ہیں۔ کانفرنس میں غلام اصغر صدیقی، مفتی خلیل قادری، ڈاکٹر مسعود مجاہد، مفتی محبوب صدیقی، سید مشرف شاہ، علامہ محمد عثمان سیالوی، علامہ محمد یونس، علامہ رمضان جامی، قاری عاصم اقبال نوری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے۔

Posted by Dr. Hassan Mohiuddin Qadri on Saturday, October 10, 2015

تبصرہ

Top