​لاہور: جشن مرشد شاہ مائل میں تحریک منہاج القرآن کوئٹہ کے امیر کی شرکت

عظیم الشان جشنِ مرشد شاہ مائل رحمۃ اللہ علیہ 8نومبر2015 کو اتوار کے روز حضرت بابا محبوب شاہ کے دربار پر لاہور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت بابا محبوب شاہ کے صاحبزادے پیر صوفی محمد ابراہیم القادری مائلی نے کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی جگر گوشہ حضرت شاہ مائل اور تحریک منہاج القرآن کوئٹہ کے امیر صاحبزادہ محمد خالد رؤف القادری مائلی تھے۔ وہ کوئٹہ سے اپنے مریدین اور تحریک منہاج القرآن کے وفد کے ساتھ شریک ہوئے تھے۔

خانوادہ حضرت شاہ مائل رحمۃ اللہ علیہ کے چشم و چراغ اور تحریک منہاج القرآن کوئٹہ کے امیر صاحبزادہ محمد خالد رؤف القادری مائلی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت مائل شاہ رحمۃ اللہ علیہ ایک عظیم الشان ولی کامل ہستی ہیں۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ نے ہمیشہ درویشانہ زندگی گزاری آپ رحمۃ اللہ علیہ سچے عاشق رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم تھے۔ زندگی کا ایک ایک لمحہ اتباع رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گزاردیا۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کو قرآن کریم اور حدیث نبوی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم پر کمال دسترس حاصل تھی۔ نشست میں جب واعظ فرماتے تو قرآن کریم اور حدیث نبوی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مستند اور معتبر حوالے سے اس پیارے اور خوبصورت انداز میں بیان فرماتے کے سننے والوں پر تیر کی طرح اثر انداز ہوتے۔ دوران واعظ حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مقدس اسم مبارک آتا تو آپکی کیفیت بدل جاتی اور حاضرین مجلس دیکھتے کہ آپکی آنکھوں سے اشک رواں ہوتے اور محفل پاک میں وجد کی کیفیت طاری ہوجاتی اور کیف و سرور میں بارگاہ رسالت مآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ درود وسلام پیش فرماتے اور اسے پروردگار تک پہنچنے کا راستہ بتاتے۔

انہوں نے بتایا کہ حضرت شاہ مائل رحمۃ اللہ علیہ قادر کلام شاعر تھے اور مائل تخلّص فرماتے۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ نے بارگاہ مصطفے صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں کئی کلام پیش کیے ہیں، جو صُوفیائے کرام کی محافل کی جان ہیں۔

صاحبزادہ محمد خالد رؤف القادری مائلی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اُمت مسلمہ کے آقائے دوجہاں حضرت محمد صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ٹوٹے ہوئے تعلق کو پھر سے جوڑنے والی رسول نما تحریک ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مجددِ رواں صدی ہیں۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے مشن کو اپنا مشن قرار دیا اور تحریک منہاج القرآن میں اپنے اور اپنے مریدین کی وابستگی اور خدمات کو اللہ اور اس کے رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فضل و انعام قرار دیا۔

اختتامی کلمات میں صاحبزادہ محمد خالد رؤف القادری مائلی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت اور درازی عمر کی دعاکی۔ ملک بھر سے آئے ہوئے عقیدتمندوں، مریدوں کو اپنی خصوصی دُعاؤں سے نوازا۔ اس موقع پرتمام سلاسل اور ملک پاکستان کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

عظیم الشا ن جشن مرشد شاہ مائلؒ لاہور

Posted by Sabir Hussain on Tuesday, December 8, 2015

تبصرہ

Top