ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا رمضان المبارک کے آغاز پر امت مسلمہ کے نام تہنیتی پیغام

مورخہ: 06 جون 2016ء

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امت مسلمہ کو رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں کے آ غاز پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کا مہمان مہینہ مسلمانوں سے صبر و استقامت، ایثار اور تقویٰ کا متقاضی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر کلمہ گو مسلمان رمضان المبارک کا ایمانی جوش و خروش کے ساتھ استقبال کرے۔ اللہ کو راضی کرنے اور مغفرت کی ان انمول گھڑیوں سے امت محمدیہ زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ رمضان المبارک اسلامی بھائی چارے کے فروغ اور اسلامی ثقافت کے پرچار کا عظیم مہینہ ہے۔ یہی ماہ مقدس ہے جو امت مسلمہ کو اتحاد اور یکجہتی کی ایک لڑی میں پرو دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کی ایک فضلیت اس میں قرآن پاک کا نزول ہے جبکہ اسلامیان پاکستان کے نزدیک اس ماہ مقدس کی اہمیت اس لئے بھی دو چند ہے کہ پاکستان کو اس ماہ مقدس میں آزادی ملی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ قوم پاکستان کی سلامتی، خوشحالی کیلئے دعا کرے۔ انہوں نے کہاکہ دوکاندار، تاجر اس ماہ مقدس میں ناجائز منافع خوری ترک کر کے اللہ کی رحمت اور اس مہینے کی برکتوں کے حق دار بنیں۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک امسال شدید گرمی کے موسم میں آیا ہے لہذا افطار و سحر اور تراویح کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے، صرف اعلانات نہ کئے جائیں بلکہ عمل بھی کیا جائے۔

تبصرہ

Top