صوفیائے کرام نے لاکھوں دلوں کو باطنی طہارت اور روشنی عطا کی، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا قدوۃ الاولیاء کانفرنس سے خطاب

مورخہ: 07 جون 2016ء

تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے 25 ویں یوم وصال کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوفیائے کرام نے لاکھوں دلوں کو باطنی طہارت اور روشنی عطا کی۔ جب تک لوگ صوفیاء سے وابستہ تھے اور ان سے علمی، فکری، دینی رہنمائی لیتے رہے تب تک یہ خطہ امن اور محبت کا گہوارا تھا اور لوگ دہشتگردی اور انتہا پسندی نام کی کسی چیز سے واقف نہیں تھے۔ صوفیائے کرام کی درگاہیں ہر قسم کے مسلکی، مذہبی تعصب سے پاک تھیں۔ یہ اللہ والے صرف مخلوق خدا سے محبت کرنے کا علم اور ہنر جانتے تھے اور انکی انہیں صفات کی وجہ سے لاکھوں کروڑوں خاندان اسلام میں داخل ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ وقت کے ولی اللہ اور نابغہ روزگار تھے۔ کانفرنس میں خرم نواز گنڈا پور، احمد نواز انجم، جی ایم ملک، شہزاد رسول قادری، رانا محمد ادریس، سید مشرف شاہ، سید فرحت حسین شاہ، آفتاب شیخ، حاجی اسحق، جواد حامد، ساجد بھٹی، علامہ غلام ربانی تیمور، راجہ ندیم اور عقیدتمندوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہاکہ امت مسلمہ امن چاہتی ہے اور دہشتگردی سے نجات کی آرزو مند ہے تو صوفیائے کرام کی پاک زندگیوں اور تعلیمات کا مطالعہ کرے اور اس پر عمل کرے۔ انہوں نے کہاکہ ہر مسلمان اپنی نمازوں میں اللہ سے یہ دعا کرتا رہے کہ اے اللہ مجھے اس رستے پر چلا جن پر تو نے اپنا انعام کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہی اللہ والے اللہ کے راستے کا پتہ بتاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی شخصیت قدوۃ الاولیاء حضرت سیدنا طاہر علاؤ الدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی علمی، فکری، تحریکی اور انقلابی سوچ کی وارث ہے۔ سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ دنیائے ولایت کے اس آفتاب درخشاں کا نام ہے جنکے فیض سے تحریک منہاج القرآن کا آغاز ہوا اور اس عظیم مشن کو وہ کامیابی اور تحرک ملا کہ آنے والاہر لمحہ اس تحریک کی مقبولیت اور وسعت کا گواہ بنتا چلا گیا۔ صوفیاء فرد کو معاشرے کیلئے امن کا سفیر بناتے ہیں، انکی تعلیمات پوری انسانیت کیلئے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا دہشتگردی کے خلاف تاریخی فتوی صوفیاء کی تعلیمات کی ترجمانی کرتاہے اور یہ فتویٰ دنیا سے انتہا پسندی، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اولیاء اللہ کے ذکر سے ایمان ترو تازہ ہوتا ہے اور دلوں کو نیکی کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔

تبصرہ

Top