پاکستان میں یو ایس اے کے پولیٹیکل افیئرز کے انچارج کا منہاج القرآن کا دورہ

یو ایس اے کے پاکستان میں پولیٹیکل افیئرز کے ہیڈ مسٹر رابرٹ سی نیوسم نے 25 اکتوبر 2016 کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور اور فارن افیئر کے ڈائریکٹر جی ایم ملک نے انہیں خوش آمدید کہا۔ مسٹر رابرٹ نے منہاج القرآن کے سیل سنٹر، فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، فارن افیئر ڈیپارٹمنٹ، میڈیا سیل کا بھی دورہ کیا۔

خرم نواز گنڈاپور نے انہیں سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دہشت گردی کے خاتمہ کے حوالے سے تحریر کردہ فتوی کی کتاب بھی دی۔ مسٹر رابرٹ نے دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن کی بین الاقوامی خدمات کو سراہا۔

خرم نواز گنڈاپور نے یو ایس اے کے پولیٹیکل افیئر کے انچارج کو منہاج القرآن کے مختلف فلاحی پراجیکٹس آغوش، بیت الزہرا، شریعہ کالج آف اسلامک سٹڈیز، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، منہاج یونیورسٹی لاہور اور ملک کے مختلف حصوں میں جاری صاف پانی کی فراہمی اور آئی کیمپس کے منصوبہ جات کے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت ملک بھر میں 6 سو سے زائد تعلیمی ادارے سستی اور معیاری تعلیم فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 29 اکتوبر کو تعلیمی شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 100 سے زائد طلباء و طالبات کو لاکھوں روپے کے فرید ملت سکالر شپ دئیے جارہے ہیں۔ مسٹر رابرٹ نے منہاج القرآن کے تعلیمی اور فلاحی منصوبوں کو بے حد سراہا اور اسے انسانیت کی عظیم خدمت قرار دیا۔

تبصرہ

Top