ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (نومبر 2016ء)

تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ماہانہ پروگرام 5 نومبر کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ گوشہ درود کی روحانی محفل کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ مرکزی قائدین اور علماء و مشائخ کے علاوہ خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے اجتماع میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز شب 9 بجے تلاوت و نعت سے ہوا۔ اس موقع پر قاری نور محمد چشتی نے اپنی مسحور کن آواز میں صحیفہ انقلاب کی تلاوت کر کے شرکاء کے قلوب و اذہان کو روحانی جلا بخشی۔ محفل نعت میں ثناء خوانوں نے اپنے خوبصورت انداز میں نعتیہ کلام پیش کیے۔

ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ خدمت دین اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت دو لازم و ملزوم پہلو ہیں۔ ہم میں سے جو لوگ خدمت دین کے لیے وقف ہیں لیکن ان کے قلب و جاں سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے خالی ہیں تو وہ اپنا محاسبہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ آقا نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقہ سے کائنات ہست و بود قائم ہیں، اس لیے کائنات انسانی و کائنات دو عالم میں کوئی بھی شے آقا علیہ السلام کی محبت سے خالی پیدا نہیں کی گئی۔ آج ہم خود کو نبی کا امتی کہلواتے تو ہمیں اپنے سینوں میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور عشق کا چراغ جلانا ہوگا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے کارکنان خوش قسمت ہیں، جنہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہر لمحہ آقا علیہ السلام کی محبت کا درس دیا۔ آج دنیا کے کونہ کونہ میں محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تحریک منہاج القرآن کی پہچان بن چکی ہے۔ یہی ہمارا عقیدہ ہے کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت ہی دنیا و آخرت میں ہماری کامیابی اور نجات کا ذریعہ بنے گی۔

پروگرام کا باقاعدہ اختتام درود و سلام اور خصوصی دعا سے ہوا۔

تبصرہ

Top