تحفیظ القرآن کے زیراہتمام حفاظ بچوں کو اسناد دینے کی تقریب

تحریک منہاج القرآن کے شعبہ تحفیظ القرآن کے زیر اہتمام قرآن کریم حفظ کرنے والے طلباء و طالبات کی اسناد دینے کی پروقار تقریب 23 نومبر 2016ء کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوئی، جس میں سیشن 2012 تا 2016 کے 150 بچوں اور 42 بچیوں کو اسناد دی گئیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے تقریب کی صدارت کی۔

ملک کے نامور قاری نور چشتی، منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمان درانی، نائب صدر بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈ اپور، پرنسپل تحفیظ القرآن میاں محمد عباس نقشبندی، پرنسپل منہاج گرلز کالج ڈاکٹر ثمر فاطمہ، حاجی امداد اللہ قادری، علامہ سید فرحت حسین شاہ، سید امجد علی شاہ، جواد حامد، علامہ رائے مزمل حسین مہدی، علامہ سعید احمد فاروقی، علامہ میر آصف اکبر، مرتضی علوی، علامہ ذیشان بخاری اور عابد صابری تقریب کے معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ حفاظ طلباء نے اجتماعی طور پر نہایت خوبصورت لحن میں تلاوت قرآن مجید کی جبکہ قصیدہ بردہ شریف بھی پڑھا گیا۔ معزز مہمانوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمی میدان میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی حوالے سے شیخ الاسلام نے ماڈرن سائنسز کیساتھ قدیم علوم کو بھی بنیادی حیثیت دی، شعبہ تحفیظ القرآن کی ایک مثال ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے قرآن پاک حفظ کرنے والے بچوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ بچے اور ان کے والدین عظیم ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کو کلام اللہ کی حفاظت کے لیے وقف کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآنی علوم سیکھنا اور سکھانا بہترین عمل ہے، قرآن کی حفاظت کا بہترین طریقہ اسے حفظ کرنا ہے اس دینی تقاضے کو پورا کر نے کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے تحفیظ القرآن کے عظیم انسٹی ٹیوشن کی بنیاد رکھی۔ الحمد للہ یہ ادارہ سینکڑوں حفاظ تیار کر رہا ہے۔ انہونے کہا کہ قرآن ان لوگوں کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے جو اسے سمجھ کر پڑھتے اور پھر اس پر عمل کرتے ہیں۔

چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم مسلمانوں کی عملی زندگی میں مکمل ضابطہ حیات ہے۔ دینی ودنیاوی، اجتماعی امور کی رہنمائی قرآن مجید میں موجود ہے۔ یہ ہماری غفلت ہے کہ ہم اس متاع بے بہا سے فیض نہیں لے رہے۔ قرآن و سنت کو جدا کرنے والے اسلام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ قرآن سے دوری کی وجہ سے آج ہم دنیا میں رسوا ہو رہے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن اسلامی تعلیمات کو عام کرنے میں جو کردار ادا کر رہی ہے یہ موجودہ دور کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم عالم انسانیت کیلئے کتاب ہدایت ہے اور قیامت تک اس کے اثرات اور ثمرات ظاہر ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے بچوں کو قرآنی علوم سے بہرہ مند کرنے کے حوالے سے اپنا عظیم الشان کردار ادا کرنے پر تحفیظ القرآن کے اساتذہ کو بھی مبارکباد پیش کی۔

پرنسپل تحفیظ القرآن میاں محمد عباس نقشبندی نے کہا کہ تحفیظ القرآن میں بچوں کو قرآن مجید کو پڑھنے، سمجھنے اور ارشادات ربانی پر عمل پیرا ہونے کی تربیت دی جاتی ہے، کہنہ مشق اساتذہ طلبہ کو فنی اسلوب کے اعتبار سے مزین کرتے ہیں۔ اب تک 15 سو سے زائد طلباء و طالبات تحفیظ القرآن سے حفظ مکمل کرکے فراغت حاصل کر چکے ہیں۔ آخر میں حفاظ طلباء و طالبات کو اسناد، شیلڈز اور میڈلز بھی دیئے گئے۔ صرف 15 ماہ میں حفظ قرآن مکمل کرنے پر طالبہ کو گولڈ میڈل ملا جبکہ اعلی کارکردگی پر معزز اساتذہ کرام کو بھی تعریفی شیلڈز دی گئیں۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

Top