شریعہ کالج میں ای لرننگ کی نئی عمارت کا افتتاح

تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے 26 نومبر 2016ء کو کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں ای لرننگ پروجیکٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈئیر (ر) محمد اقبال، پرنسپل کالج آف شریعہ خان محمد، وائس پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی اور ای لرننگ پروجیکٹ ڈائریکٹر مقصود نوشاہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے افتتاحی تقریب میں فیتہ کاٹا اور انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے ای لرننگ پروجیکٹ میں بنائے گئے دیدہ زیب کیبن رومز کا بھی وزٹ کیا اور ٹیوٹرز کے لیے مہیا کی گئی سہولیات اور جدید انفراسٹرکچر کو سراہا۔ انہوں نے ای لرننگ کی نئی عمارت میں تعمیری معیار اور جدید انفراسٹرکچر کو معیار کے مطابق قرار دیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ای لرننگ کے اساتذہ اور انتظامیہ کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر اسلامی علوم کو جدید انداز میں عام کیا جا رہا ہے۔ بالخصوص وہ لوگ جن کے پاس علوم اسلامیہ کی رسائی کے لیے اعلیٰ معیار کے اساتذہ کی سہولت موجود نہیں، وہ اس سہولت سے بہترین انداز میں فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں گھر کی دہلیز پر دینی علوم سکھانے کا یہ منفرد کام دینی خدمت کا قابل فخر منصوبہ اور تحریک منہاج القرآن کا اعزاز ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ای لرننگ پروجیکٹ کو کامیابی کے ساتھ آگے بڑھانے کے حوالے سے انتظامیہ کو ہدایات بھی دیں۔

ای لرننگ پروجیکٹ ڈائریکٹر مقصود نوشاہی نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور شرکاء کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ای لرننگ شریعہ کالج کا ایک اہم ترین آن لائن تعلیمی منصوبہ ہے، جس کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں موجود طلباء و طالبات کو گھر بیٹھے علوم اسلامیہ کی تعلیمات مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج القرآن کا ای لرننگ منصوبہ اس وقت دنیا کے 35 سے زائد ممالک میں خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ اس کے لیے 40 اساتذہ مختلف اوقات میں سینکڑوں طلباء و طالبات کو 12 مختلف کورسز کروا رہے ہیں۔ ان کورسز میں ریڈنگ قرآن، اصول حدیث، حفظ قرآن، عقائد کورس، عرفان القرآن کورس، نعت کورس، فقہ کورس اور متن حدیث کورس شامل ہیں۔

مقصود نوشاہی نے مزید بتایا کہ ای لرننگ ڈیپارٹمنٹ سے بین الاقوامی پروجیکٹ کے تحت عربی زبان اور عربی گرائمر کور س بھی کروائے جارہے ہیں، جس کے لیے ای لرننگ ڈیپارٹمنٹ 24 گھنٹے کام کرتا ہے۔ مختصر عرصہ میں دنیا کے مختلف ممالک میں قیام پذیر1 ہزار بچوں کو دینی علوم کے کورس کرائے جا چکے ہیں۔ اس وقت 500 سے زائد طلباء و طالبات آن لائن قرآن ریڈنگ اور حفظ کورس کر رہے ہیں۔

تبصرہ

Top