گوشہ درود کے 11 سال مکمل

تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر قائم امن و محبت کا مینار اور مرکز انوار و روحانیت گوشہ درود کے قیام کو 11 سال مکمل ہو گئے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 5 دسمبر 2005ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں واقع اپنے آفس میں گوشہ درود کا افتتاح کیا تھا۔ 9 دسمبر 2016ء کو جمعۃ المبارک کے روز نماز عصر کے بعد گوشہ درود کی عمارت مینارۃ السلام میں پروقار تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں صاحبزادہ احمد مصطفیٰ العربی شمس تبریز مہمان خصوصی تھے۔ گوشہ درود کے مربی و سربراہ ایگزیکٹیو کمیٹی سید مشرف علی شاہ اور منہاج القرآن کینیڈا کے مرکزی رہنماء احسن ارشاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور درود پاک کے ورد سے ہوا۔ سید مشرف علی شاہ نے بتایا کہ آج کی تقریب اس لیے بھی خاص ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے محبوب پوتے کو تقریب میں خصوصی طور پر بھیجا ہے۔ گوشہ درود کی 11 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب صاحبزادہ احمد مصطفیٰ العربی گوشہ نشینوں کو اسناد دے رہے ہیں۔ اس موقع پر تمام گوشہ نشینوں اور خدام گوشہ نے صاحبزادہ احمد مصطفی العربی سے فردا فردا مصافحہ کیا، جس کے بعد ماہ دسمبر کے پہلے عشرہ میں معتکف 17 گوشہ نشینوں نے صاحبزادہ احمد مصطفی العربی سے باری باری اپنی اسناد بھی وصول کیں۔

گوشہ درود کا یہ 125 واں ماہانہ ختم پاک تھا، جو ماہ دسمبر 2016ء میں مکمل ہوا۔ ماہ نومبر 2016ء کے مہینہ میں گوشہ درود کے نظام کے تحت جو درود پاک پڑھا گیا، اس کی تعداد 6 ارب، 29 کروڑ، 15 لاکھ، 67 ہزار اور 90 ہے۔ مجموعی طور پر اب تک 1 کھرب 35 ارب، 72 کروڑ، 97 لاکھ 90 ہزار اور 971 مرتبہ درود پاک پڑھا جا چکا ہے۔

یکم نومبر 2016ء سے 11 دسمبر 2016ء کے درمیانی عرصہ کے 4 عشروں میں معتکف گوشہ نشینوں نے 20 لاکھ 23 ہزار اور 441 مرتبہ درود پاک پڑھا۔ اسی دوران گوشہ درود میں باہر سے آنے والے وزٹرز نے 2 کروڑ، 44 لاکھ، 13 ہزار اور 618 بار درود پاک پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ ماہ نومبر سے دسمبر تک دنیا بھر سے منہاج القرآن کے رفقاء کارکنان و وابستگان نے انفرادی طور پر جو درود پاک پڑھا، اس کی مجموعی تعداد 5 ارب، 26 کروڑ، 55 لاکھ، 61 ہزار اور 600 ہے۔ اسی ایک ماہ کے عرصہ میں دنیا بھر میں قائم حلقات درود میں پڑھے گئے درود پاک کی مجموعی تعداد 90 کروڑ، 58 لاکھ، 75 ہزار اور 325 رہی۔ گوشہ درود کی ویب سائٹ کے ذریعے ریموٹ یوزرز نے جو درود پاک ہدیہ بھیجا، اس کی تعداد 9 کروڑ، 36 لاکھ، 93 ہزار اور 106 رہی۔

تاریخ عالم میں گوشہ درود کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روضہ مبارک کے بعد منہاج القرآن کا مرکزی سیکرٹریٹ دنیا میں واحد جگہ ہے، جہاں انسانی نظام کے تحت بغیر کسی وقفہ کے 24 گھنٹے درود پاک پڑھا جاتا ہے اور یہاں موجود گوشہ نشین ہر روز روزہ بھی رکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ روزانہ ایک قرآن مجید کی تلاوت بھی باقاعدگی سے کی جاتی ہے۔ الحمدللہ یہ اعزاز تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو نصیب ہوا۔

یاد رہے کہ گوشہ درود میں باقاعدہ نظام کے تحت ہر ماہ 24 گوشہ نشینوں کی حاضری کا نظام بنایا گیا ہے، جو 8، 8 افراد کے 3 حلقہ جات کی شکل میں تین شفٹوں میں درود پاک پڑھنے کی ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں۔ اس دوران گوشہ نیشنیوں کی سحری و افطاری اور رہائش کی سہولت بھی منہاج القرآن کی طرف سے مہیا کی جاتی ہے۔

تبصرہ

Top