تحریک منہاج القرآن کا شہر اعتکاف 2017: تیاریاں آخری مراحل میں داخل

مورخہ: 14 جون 2017ء

Registration opens for Itikaf

حرمین شریفین کے بعد دنیائے اسلام کے سب سے بڑے شہر اعتکاف کی رجسٹریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، جامعہ المنہاج ماڈل ٹاؤن ٹاؤن شپ میں 3 روز بعد آباد ہونے والے شہر اعتکاف میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بیرون ملک سے ہزاروں متعکفین اور معتکفات شریک ہونگے، کراچی، کوئٹہ، اندرون سندھ، آزاد کشمیر اور بلوچستان معتکفین کے قافلے آئینگے، شہر اعتکاف کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں جبکہ خواتین کی اعتکاف گاہ کے انتظامات بھی تیزی سے مکمل کیے جارہے ہیں، شہر اعتکاف کیلئے تشکیل دی گئی 60 انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان نے تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کو حتمی رپورٹ پیش کر دی ہے، ان خیالات کا اظہار سیکرٹری شہر اعتکاف 2017ء جواد حامد نے شہر اعتکاف میں انتظامات کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان رفیق نجم، سعید اختر، شہزاد رسول، حافظ غلام فرید، ذیشان بیگ، ثناء اللہ خان، ساجد اصغر، ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی، علامہ سید فرحت حسین شاہ، علامہ میر آصف اکبر، چودھری افضل گجر، الیاس ڈوگر، حاجی محمد اسحاق، سہیل رضا و دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری شہر اعتکاف کو مختلف شہروں میں اعتکاف کیلئے ہونے والی رجسٹریشن کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ جواد حامد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں اعتکاف کیلئے قبل ازوقت ہونے والی رجسٹریشن کے باعث انتظامات کا معیار بہتر کرنے میں بہت زیادہ آسانی ہو گی، انہوں نے کہا کہ اعتکاف 2017 ء کا رجسٹریشن ڈیٹا مکمل طور پر 2 دن بعد مرکزی کمیٹی کو موصول ہوجائیگا، سیکرٹری شہر اعتکاف نے انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے درمیان کوآرڈینیشن کیلئے کنٹرول روم بھی بنادیا، جواد حامد نے مزید کہا کہ شہر اعتکاف کی رجسٹریشن کیلئے تحریک منہاج القرآن کے ملک بھر کے دفاتر میں غیر معمولی رش رہا، انہوں نے کہا کہ شہر اعتکاف میں معتکفین کو غیر معمولی روحانی ماحول میسر آتا ہے، سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تربیتی دروس قرآن و تصوف ہزاروں افراد کی زندگیاں بدل دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حسب روایت اس سال بھی توبہ، آنسوؤں اور سسکیوں کا شہر پھر سے آباد ہو گا، شہر اعتکاف میں انفرادی اور اجتماعی اذکار اور وظائف کے علاوہ تربیتی نشستوں کا خصوصی اہتمام کیا جائیگا۔ ہزاروں متعکفین کے سحر و افطار کی بروقت ترسیل کا مربوط نظام ترتیب دے دیا گیا ہے، ملکی حالات کے پیش نظر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جارہے ہیں، منہاج القرآن یوتھ لیگ کے سینکڑوں نوجوان سکیورٹی کی خدمات انجام دینگے۔ گرمی سے بچاؤ کیلئے 4 فٹ سائز کے دیوہیکل پنکھے لگائے جائینگے، انہوں نے کہا کہ لیسکو سے تحریری طور پر بارہا درخواست کر چکے ہیں کہ شہر اعتکاف کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے تاکہ ہزاروں عبادت کرنے والوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر اعتکاف کے مکین عید کا چاند نظر آنے تک عبادات میں مشغول رہیں گے، جواد حامد نے کہا کہ شہر اعتکاف کے اطراف کی سڑکوں کی توڑ پھوڑ سے معتکفین کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے، ضلعی انتظامیہ کو تحریری طور پر بھی آگاہ کر چکے ہیں ۔ اعتکاف شروع ہونے میں 3 روز رہ گئے ہیں اگر راستے بحال نہ کئے گئے توعوامی ردعمل کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہو گی۔

تبصرہ

Top