بانی پاکستان کے 69 ویں یوم وفات پر دعائیہ تقریب

بانی پاکستان کے 69 ویں یوم وفات پر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خصوصی دعائیہ تقریب 11 ستمبر 2017ء کو منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت ناظم اعلیٰ منہاج القرآن و سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے کی۔ جی ایم ملک، ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا، سید مشرف حسین شاہ، علامہ فرحت حسین شاہ، ساجد بھٹی، جواد حامد، اشتیاق حنیف مغل و دیگر رہنماء اسٹیج پر موجود تھے۔

تقریب میں قائداعظم محمد علی جناح کی خدمات اور بالخصوص عالم اسلام اور پاکستان کے لیے ان کی نظریاتی جدوجہد پر روشنی ڈالی گئی۔ پروگرام میں قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وصال کی مناسبت سے عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ بانی پاکستان کے خطابات پاکستان کی نظریاتی اساس، امن اور خوشحالی کا روڈ میپ ہیں۔ ان کی فکر رواداری اور برداشت پر مبنی تھی، بانی پاکستان اپنے نظریات، خیالات اور مقاصد میں کھلی کتاب کی طرح تھے اور وہ انسانی آزادی، معیشت، معاشرت کے حوالے سے فیصلہ سازی کے مرحلہ پر قرآن و سنت سے رہنمائی لیتے تھے۔ بلاشبہ قرآن و سنت کی تعلیمات اور احکامات بنی نوع انسانیت کیلئے ہیں۔

ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی علیہ رحمہ کی اسلام، پاکستان کے لیے خدمات مشعل راہ ہیں۔ ان کے فرامودات آج بھی بھٹکی ہوئی قوم کے لیے چراغ راہ ہیں۔ ہمیں قائد کی فکری نظریاتی اساس کی حفاظت کرنا ہوگی۔ بدقسمتی سے پاکستان میں حکمرانوں نے قائد کے سیاسی و دینی اور ملی نظریات سے ہمیشہ بغاوت کی۔ جس کی وجہ سے ملک پاکستان کو اندرونی و بیرونی سطح پر نقصان پہنچا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اجتماعی دعا کی۔ اس موقع پر علامہ فرحت حسین شاہ نے دعا کراتے ہوئے عالم اسلام کی ترقی، پاکستان کے استحکام و خوشحالی اور ملکی سالمیت کے لیے بھی خصوصی دعا ہوئی، جبکہ بانی پاکستان محمد علی جناح کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

تبصرہ

Top