منہاج یونیورسٹی لاہور میں ’’شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘

منہاج یونیورسٹی میں ’’شہادت حضرت امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ 19 اکتوبر 2017ء کو منعقد ہوئی۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور، نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن علامہ سید فرحت حسین شاہ معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ کانفرنس میں طلباء و طالبات اور پروفیسرز و لیکچررز کی بڑی تعداد شریک تھی۔ طلباء نے سرور کونین ﷺ کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا اور شان اہل بیت میں منقبت پڑھی۔

خرم نواز گنڈاپور نے کانفرس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہادت امام حسین پیغام حق ہے۔ آج بھی یزیدی طاقتیں اور قوتیں اپنے سارے ساز و سامان کیساتھ حق کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ یزیدی قوتوں کے خلاف سینہ سپر ہونا پیغام کربلا ہے۔ منہاج القرآن نے معاشرے میں حسینی پیغام کو عام کرنے کی ذمہ داری نبھا رہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دنیا بھر میں حسینی پیغام کو عام کرنے میں مصروف عمل ہیں۔

علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ ظلم، جبر، نا انصافی، برائی اور لادینیت کے مقابلے میں شہادت امام حسین علیہ السلام آزادی، سچائی، عزم و ہمت، عدل و انصاف، عظمت کردار اور مظلوموں کی فتح کا استعارہ بن کر سامنے آتی ہے۔ ظالم اور جا بر حکمرانوں کے خلاف کلمہ حق بلند کرنا پیغام کربلا ہے، حسینی فکر پر عمل کرتے ہوئے قوم کو اور خاص طور پر نوجوانوں کو ظلم و استحصال والے نظام سے نجات کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔

نوجوان سکالر علی وقار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظلوموں اور مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کرنا عبادت ہے اگر امت مسلمہ ترقی و عروج چاہتی ہے تو اسے شعار حسینی اپنانا ہو گا۔ انسانی تاریخ کے سب سے بڑے شجاع نے صبر کو قوت بنا کر یزیدیت کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی، نظریاتی، مسلکی، لسانی تعصبات کو امن اور محبت سے ختم کرنا ہو گا۔ حسینیت عدل و انصاف کے پیغام کا نام ہے اور ظلم سے نجات کیلئے جدوجہد کرنیوالے حسینی کہلاتے ہیں۔

دریں اثناء منہاج یونیورسٹی لاہور میں برمی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ اور واک بھی ہوئی۔ جس میں طلبا و طالبات، پروفیسرز اور لیکچررز نے شرکت کی۔ واک میں شریک طلباء نے برما کے مسلمانوں کی حمایت میں بینرز، کتبے اٹھا رکھے تھے اور وہ مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم و جبر کے خلاف نعرے بھی لگا رہے تھے۔ مظاہرے میں شریک طلباء مطالبہ کر رہے تھے کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور اقوام متحدہ برما کے مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم رکوائیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، ڈاکٹر اسلم غوری، ڈاکٹر ثمر فاطمہ، کرنل(ر) محمد احمد، کرنل مبشر اقبال، خرم شہزاد، مدثرہ بلوچ نے مظاہرین سے خطاب کیا جبکہ راشد کلیامی، ڈاکٹر نعیم مشتاق، سید امجد علی شاہ، عدنان جاوید، اسلم طیب و دیگر رہنما بھی مظاہرے میں شریک تھے۔

تبصرہ

Top