گوشہ درود کا روحانی اجتماع، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا خطاب

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی گوشہ درود کا ماہانہ روحانی اجتماع 4 نومبر 2017ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ اس موقع پر سید مشرف شاہ، جی ایم ملک، جواد حامد، نجم رفیق، سید فرحت حسین شاہ، سید امجد علی شاہ، حافظ غلام فرید، شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق اور دیگر قائدین بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے ختم الصلوۃ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس اسوہ کامل اور بہترین نمونہ ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات معاشرے میں ہر سطح کے انقلاب کی موجد اور ذہنی، فکری، ایمانی، اخلاقی عالمگیر انقلاب کے داعی و قائد ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ذہنی انقلاب تکبر کا خاتمہ اور اعلیٰ اقدار کی ترویج، اعتدال اور توازن قائم کرنا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کابین الاقوامی انقلاب عالمی امن کا قیام، ایک دوسرے کی حدود و قیود کا خیال، مذاہب و طبقات کا احترام، فریڈم آف تھاٹ اور آزادی اظہار کو کھلے دل سے قبول کرنا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دیگر اقوام ان کی شخصیات، مذاہب، کلچر، روایات کے احترام اور عزت کرنے کی تعلیم دی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحریک منہاج القرآن ذہنی، فکری، اخلاقی، معاشرتی تبدیلی اور بین الاقوامی سطح پر مہذب و پرامن سماج کے قیام کے لیے انقلابی تحریک کے طور پر کام کررہی ہے۔

موجودہ ملکی حالات پر انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے حلف نامہ میں تبدیلی اور اس حوالے سے موجود قانون کو سرے سے ختم کر کے موجودہ حکومت نے کروڑوں اسلامیان پاکستان کی ایمانی اساس پر حملہ کیا، حکمران جماعت کے ذمہ داران برملا اعتراف کررہے ہیں کہ قوانین میں ردوبدل منصوبہ بندی کے تحت ہوا، لہٰذا جب تک اس سازش میں ملوث عناصر کٹہرے میں نہیں لائے جاتے تب تک نبی آخر الزمان ﷺکے دیوانوں اور پروانوں کے دلوں کو سکون نہیں ملے گا، حکومت کی اس مذموم اور ناپاک حرکت کے بعد پارلیمنٹ میں بیٹھی ہوئی اپوزیشن کی جماعتیں کسی قسم کی قانون سازی میں حکومت کی مددنہ کریں۔

ختم نبوت کے قانون میں ردوبدل درحقیقت آقاﷺ سے محبت اور والہانہ وابستگی کو کمزور اور متنازع بنانے کی گھناؤنی سازش ہے۔ حکمرانوں نے ختم نبوت کے قانون کے خلاف اور نااہل شخص کو پارٹی صدر بنانے کیلئے ناجائز قانون سازی کر کے عوام اورپارلیمنٹ کے مینڈیٹ کی توہین کی جسے تحریک منہاج القرآن کے دنیا بھر میں موجود کروڑوں کارکنان اور وابستگان کو دکھ ہے اور وہ اس حکومتی رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت پر کسی قسم کا کوئی اعتبار نہ کریں کیونکہ خائن کی باقیات کی قانون سازی کا مرکز و محور ایک خاندان کی کرپشن کو تحفظ دینا ہے اور انہیں سزاؤں سے بچانا ہے خواہ اس کے لیے انہیں دینی اساس اور اخلاقی بنیادوں کومسمار ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔

گوشہ درود کے روحانی اجتماع میں ماہ اکتوبر 2017ء میں پڑھا جانے والا درود پاک بھی پیش کیا گیا۔ ماہ اکتوبر میں پڑھا جانے والا درود پاک 2 ارب 72 لاکھ 22 ہزار 766 ہے۔ اب تک گوشہ درود کے نظام کے تحت ٹوٹل 1 کھرب 67 ارب 8 کروڑ 84 لاکھ 30 ہزار اور 985 بار درود پاک پڑھا جا چکا ہے۔ پروگرام کا اختتام سید مشرف شاہ کی خصوصی دعا سے ہوا۔

تبصرہ

Top