ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا حکیم الامت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے 140 ویں یوم پیدائش پر پیغام

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے حکیم الامت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے 140 ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان صادق و امین قیادت نے بنایا، بدعنوانوں اور نا اہلوں نے برباد کیا۔ یوم اقبال کی چھٹی منسوخ کرنے والے حکمرانوں کی اپنی چھٹی ہونیوالی ہے۔ علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی فکر سے بغض رکھنے والا کرپٹ ٹولہ آئندہ نسلوں کو فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ سے لا تعلق رکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حکیم الامت جیسی ہستیاں صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔ پاکستان شاعر مشرق کے خوابوں کی عملی تعبیر ہے۔ جو ہستیاں آئندہ نسلوں اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے جیتی ہیں اس دنیا سے پردہ کرجانے کے بعد بھی وہ زندہ و جاوید رہتی ہیں۔ سچے اور کھرے رہنما صرف منزل کا پتہ نہیں بتاتے بلکہ منزل تک پہنچاتے ہیں۔ حکیم الامت نے برصغیر کے مسلمانوں کی رہنمائی کا حق ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ اور قائداعظم کی امنگوں کے مطابق اسلامی، جمہوری، فلاحی مملکت بنانے کے لیے قائد و اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی فکر پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

دریں اثناء منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنر کے وائس چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے یوم اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے موقع پر مزار اقبال رحمۃ اللہ علیہ پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم غوری، کرنل(ر) محمد احمد، ڈاکٹر نادر بخش، فیاض وڑائچ، سہیل رضا، نوراللہ صدیقی و دیگر رہنما موجود تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ انسانیت کیلئے جینے والوں کی قبروں کو بھی اللہ نے آباد کر دیا، حکیم الامت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ اللہ کے برگزید اور انعام یافتہ بندے تھے جن کی ساری عمر قرآن و سنت کی فکر اور عشق مصطفی ﷺ کے ترانے گاتے ہوئے بسر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی فکر عزت، غیرت اور جرات کے ساتھ زندگی گزارنے کے اسباق سے مزین ہے۔

تبصرہ

Top