ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی استقبال ربیع الاول جلوس میں شرکت

چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے 20 نومبر 2017ء کو ربیع الاول کے استقبالی جلوس میں خصوصی شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام میلاد کا استقبالی جلوس مغلپورہ سے شالیمار لنک روڈ سے ہوتا ہوا، مین بازار باغبانپورہ میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں مرکزی قائدین انجینئر رفیق نجم، نوراللہ صدیقی، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، شہباز بھٹی، حاجی ارشد، حفیظ اللہ جاوید، علامہ غلام اصغر صدیقی، یونس نوشاہی، حاجی عبدالخالق، حنیف قادری نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی، تاجر رہنماؤں سمیت ہزاروں عشاقان مصطفی ﷺ نے بھی جلوس میں شامل ہو کر حضور ﷺ سے اپنی محبت اور وفا کا اظہار کیا۔

اہلیان علاقہ و تاجران جلوس پر گل پاشی کرتے رہے۔ سجی ہوئی بگھیاں، اونٹ اور سفید گھوڑے جلوس میں شامل تھے جن پر بچے، بزرگ عربی لباس پہنے سوار تھے۔ شرکائے جلوس نے برقی مشعلیں اور قمقمے اٹھا رکھے تھے۔

جلوس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ ختم نبوت کے مسئلہ پر ہر کلمہ گومسلمان کا عقیدہ اور سوچ ایک ہے، ختم نبوت کے متعلقہ قوانین اور حلف نامہ میں ملوث عناصر کا کڑا مواخذہ کیا جائے۔ پاکستان نعلین پاک کے ذریعے معرض وجود میں آیا۔ حکمران عوامی غم و غصہ کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہونے سے معاشرے کو امن کی دولت سے مالا مال کیا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ رب العزت نے تحریک منہاج القرآن کو یہ توفیق اور سعادت بخشی ہے جو 34 سال سے حضور نبی اکرم ﷺ کی آمد کا جشن پاکستان سمیت دنیا کے 100 ممالک میں منارہی ہے، انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ تعالیٰ امسال 34 ویں عالمی میلاد کانفرنس مذہبی جوش و خروش اور والہانہ انداز میں منعقد ہورہی ہے جس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری خطاب کریں گے۔ انہوں نے عالمی میلاد کانفرنس میں اہل لاہور کو بھرپور شرکت کی دعوت دی۔

تبصرہ

Top