مینار پاکستان کے سبزہ زار میں منعقدہ ’’تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس‘‘ میں لاکھوں عشاقان مصطفی شریک ہونگے

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ’’تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس‘‘ 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب 30 نومبر 2017 ء کو مینار پاکستان کے وسیع گراؤنڈ میں منعقد ہو گی۔ کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خطاب کریں گے۔ نیلسن منڈیلا کے پوتے چیف مانڈلا منڈیلا کانفرنس میں خصوصی شرکت کریں گے۔ کانفرنس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس میں لاکھوں عشاقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (مرد و خواتین) شرکت کر کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی محبت کا اظہار کریں گے اور دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑھ کر اور کوئی خوشی نہیں ہے۔

ڈسٹرکٹ انتظامیہ سے کانفرنس کی اجازت لے لی ہے۔ انہیں یقین دلاتے ہیں مینار پاکستان کے قدرتی حسن، حفاظت اور صفائی کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔ عقیدہ ختم نبوت سے لگاؤ ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی تقاضا اور اسلام کی اساس ہے۔ تاجدار ختم نبوت کانفرنس کے انتظامات کیلئے 70 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں۔

ان خیالات کا اظہار ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے مینار پاکستان میں انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان، منہاج القرآن کے مرکزی صوبائی و ضلعی قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، سیکرٹری میلاد کمیٹی جواد حامد، نوراللہ صدیقی، سید امجد علی شاہ، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ و دیگر رہنما بھی ہمراہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ تاجدار ختم نبوت کانفرنس میں مرد و خواتین کیلئے الگ الگ وسیع پنڈال بنائے گئے ہیں۔ علماء، مشائخ عظام، نعت خوان اور معروف قراہ حضرات خصوصی طور پر شرکت کرینگے۔ کانفرنس میں مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات بھی شرکت کریں گی، انہوں نے مزید کہا کہ مینار پاکستان کے وسیع پنڈال میں ایل ای ڈی سکرینز بھی لگائی گئی ہیں تاکہ دور دور تک بیٹھے لاکھوں لوگ سٹیج کی کارروائی دیکھ سکیں۔ تاجدار ختم نبوت کانفرنس کی سکیورٹی کیلئے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سینکڑوں نوجوان پنڈال میں اور پنڈال سے باہر مختلف مقامات پر موجود ہوں گے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ تاجدار ختم نبوت کانفرنس میں گوشہ درود اور دنیا بھر میں قائم حلقہ ہائے درود میں پورے سال میں پڑھا جانے والا اربوں درود پاک حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی محبت آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے میلاد کا شایان شان طریقے سے تذکرہ ایمان کا حصہ ہے اور تحریک منہاج القرآن عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ کیلئے دنیا بھر میں مرکزی کردار ادا کررہی ہے۔

اس موقع پر جواد حامد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مینار پاکستان کے قدرتی حسن، صفائی اور حفاظت کا ہر طرح سے خیال رکھا جائیگا۔ تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اخلاقی اور سماجی رویوں کے اعتبار سے پختہ فکر و نظر کے حامل ہیں۔ تحریک منہاج القرآن نے سینکڑوں پروگرام منعقد کیے ہیں۔ 33 میں سے 31 بار میلاد الالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا پروگرام مینار پاکستان میں منعقد ہوا ہے۔ کبھی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ تاجدار ختم نبوت کانفرنس کا مقصد اور پیغام ہے کہ آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حرمت اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے حوالے سے ملت اسلامیہ یکسو اور یکجان ہے۔

تبصرہ

Top