چیف مانڈلا منڈیلا کا تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ

جنوبی افریقہ کے آنجہانی رہنماء نیلسن منڈیلا کے پوتے چیف مانڈلا منڈیلا نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ عالمی ختم نبوت ﷺ کانفرنس میں شرکت کے بعد جمعۃ المبارک کے روز یکم دسمبر 2017ء کو چیف مانڈلا منڈیلا مرکزی سیکرٹریٹ پہنچے، ان کے ہمراہ جنوبی افریقہ سے آئے ہوئے دیگر معزز مہمان ساؤتھ افریقہ میمن کمیونٹی کے چیئرمین ڈاکٹر احمد ولی محمد، زید نورڈین، اسماعیل عبدالحسن خطیب اور طاہر رفیق نقشبندی بھی تھے۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور دیگر مرکزی قائدین بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کیساتھ چیف مانڈلا منڈیلا نے پیٹرن انچیف آفس، فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، گوشہ درود، ڈائریکٹوریٹ آف فارن افیئرز، میڈیا آفس، مرکزی سیل سنٹر، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز اور ای لرننگ ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا۔ گوشہ درود میں حاضری کے دوران انہوں نے گوشہ نشینوں کے ساتھ نماز بھی ادا کی۔

فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں ڈائریکٹر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ محمد فاروق رانا نے معزز مہمان کو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا تعارف کرایا۔ اس موقع پر انہوں نے لائبریری میں گہری دل چسپی کا اظہار کرتے ہوئے کتب دیکھیں۔ مرکزی سیکرٹریٹ کے مختلف شعبہ جات کے وزٹ کے بعد انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن علمی سطح اور انتظامی ڈھانچہ میں ایک منظم نیٹ ورک رکھتی ہے۔ عالم اسلام کے لیے یہ خدمات قابل مثال ہیں۔

تبصرہ

Top