منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ’’کڈز میلاد فیسٹول‘‘

منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذیلی پروجیکٹس ایگرز اور وائس کے زیراہتمام لیڈیز چلڈرن کمپلیکس لاہور میں 2 روزہ ’’کڈز میلاد فیسٹول‘‘ مؤرخہ 10 دسمبر 2017 کو منعقد ہوا، تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ و سربراہ عوامی تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فیسٹیول کے آخری روز دورہ کیا اور مختلف سٹالز پر گئے، انکے ہمراہ خواتین رہنما فضہ حسین قادری، فرح ناز، عائشہ مبشر، افنان بابر، زینب ارشد، ایمن یوسف و دیگر شریک تھیں۔ قومی کرکٹ ہیرو عبد القادر، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبر غلام محی الدین دیوان، جہاں آراء وٹو، وجاہت یوگی، کورین سماجی رہنماکنگ چل میتھونے مہمان خصوصی کی حیثیت سے کڈز فیسٹول میں شرکت کی۔

شرکائے کڈز فیسٹول سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ صحت مند، تربیتی، اصلاحی، تعمیری، تفریحی سرگرمیوں کی آج ضرورت ہے پہلے نہیں تھی، بالخصوص بچوں اور خواتین کی تعلیمی، تفریحی سرگرمیوں پر اشد توجہ کی ضرورت ہے۔ تحریک منہاج القرآن نے آج سے 35 سال قبل خواتین کی امپاورمنٹ کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں جدوجہد کا آغاز کیا اور اسلام کا یہ پیغام دیا کہ معاشرتی ترقی کیلئے خواتین کا مردوں کے شانہ بشانہ تعلیمی، علمی، صنعتی، فلاحی کردار ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ بچے کی تعلیم و تربیت کا آغا ز ماں کی گود سے شروع ہو جاتا ہے، والدین کے رویے اخلاقی، تعلیمی معیار کا بچے کی صحت اور رویوں پر گہرا عصر ہوتا ہے۔ اسی لئے کہتے ہیں کہ بچے کی پہلی درسگاہ ماں کی گود ہے۔ بچے سب سے پہلے والدین اور پھر سوسائٹی سے سیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہم ایک اچھے، مہذب اور ترقی یافتہ معاشرہ کی تشکیل چاہتے ہیں تو ہمیں اچھی مائیں پیدا کرنا ہونگی۔ انہوں نے شاندار کڈز فیسٹول کے انعقاد پر تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کو مبارکباد دی۔

تقریب کے اختتام پر ایگرز کے اجراء کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔ کڈز فیسٹول میں خواتین اور بچوں کی دلچسپی سے متعلق سٹال لگائے گئے تھے اور ایک شاندار فوڈ کورٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ MES اور آغوش کے بچوں نے مختلف پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ کڈز فیسٹول میں اسلامی تاریخی عمارات کے دیدہ زیب ماڈل رکھے گئے تھے، اس موقع پر تصاویری نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔



Shaykh-ul-Islam Dr Muhammad Tahir-ul-Qadri inspected the stalls and interacted with the people

تبصرہ

Top