’’مظلوم ظلم کو قبول کر لے تو ظالم قوت پکڑتا ہے‘‘: ڈاکٹر طاہرالقادری کی شہدائے ماڈل ٹاون کے ورثاء سے ملاقات

سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ظلم کرنیوالے اور ظلم کا مقابلہ کرنیوالے دونوں کو تاریخ یاد رکھے گی
سربراہ عوامی تحریک کی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء، زخمیوں اور اسیران سے ملاقات کے دوارن گفتگو
ڈاکٹر طاہرالقادری نے شفیق باپ کی طرح ہمارا خیال رکھا، قربانیوں پر فخر ہے: ورثاء شہداء

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ جب مظلوم ظلم کو قبول کر لے، خوف، مصلحت اور لالچ کا شکار ہو جائے تو اس سے ظالم قوت پکڑتا ہے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء نے وقت کے فرعونوں اور نمرودوں سے ٹکر لے کر ڈٹے رہنے کے حوالے سے جرآت و بہادری اور استقامت کی نئی تاریخ رقم کی۔ یہ قربانیاں ظالم نظام کے خلاف دی گئیں کبھی رائیگاں نہیں جائینگی، جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کا پبلک ہونا انصاف کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے۔ یہ رپورٹ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے پر عزم رہنے کا نتیجہ ہے، ان شاء اللہ تعالیٰ انہی پرعزم ورثاء سے مل کر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء سے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے زخمی اور اسیر بھی شامل تھے۔ ورثاء کا کہنا تھا کہ ہمیں حکمرانوں کی طرف سے ڈرایا، دھمکایا بھی گیا، کروڑوں روپے کی پیشکشیں بھی کی گئیں، ہمارے دروازوں پر پولیس افسران اور سیاسی ٹاؤٹوں کو بھی بھیجا گیا۔ بیرون ملک بھجوانے اور پرکشش نوکریوں کے وعدے بھی کیے گئے مگر ہم جس قائد، تحریک اور مشن سے وابستہ ہیں وہ انمول ہے، اس موقع پر ورثاء نے کہا کہ ہمیں اپنے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ان کے مشن پر فخر ہے، اسی مشن کی برکت سے اللہ نے ہمیں حوصلہ دیا اور ہم وقت کے یزیدوں سے بلاخوف و خطر ٹکرائے اور ان کے ظلم پر مبنی بیانیہ کوشکست دی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی مکمل انصاف ہونا باقی ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن رفیق نجم، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ، امیر لاہور حافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ اور طیب ضیاء بھی موجود تھے۔ ورثاء نے کہا کہ ہمارے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ ایک شفیق باپ کی طرح ہمارا خیال رکھا، انقلاب کے عظیم مقصد کیلئے ہماری اور ہماری آئندہ نسلوں کی جانیں بھی حاضر ہیں۔ جیلیں کاٹنے والے اسیران کو ڈاکٹر طاہرالقادری نے استقامت میڈلز بھی دئیے اور شہداء کے بچوں کو بھی پیار کیا۔ سربراہ عوامی تحریک نے ملاقات کے بعد شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے ہمراہ شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

تبصرہ

Top