ڈاکٹر طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ پر منہاج یونیورسٹی لاہور میں مرکزی تقریب

ڈاکٹر طاہرالقادری نے دین کی خدمت کے ساتھ انسانی خدمت کے بے مثال ادارے قائم کئے
فروغ تعلیم و امن کیلئے شیخ الاسلام نے گرانقدر خدمات انجام دیں: ڈاکٹر حسین محی الدین
وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم غوری، خرم نواز گنڈا پور نے کرنل (ر) محمد مبشر کے ہمراہ کیک کاٹا

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے فاؤنڈر، چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب منہاج یونیورسٹی لاہور میں منعقد ہوئی۔ بورڈ آف گورنرز کے وائس چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین نے تقریب کی صدارت کی۔ پروگرام میں وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر محمد اسلم غوری، ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور، نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، کرنل (ر) محمد مبشر، کرنل (ر) محمد احمد، یونیورسٹی کے لیکچررز، پروفیسرز نے شرکت کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آئندہ نسلوں کی تعلیم و تربیت کیلئے بے مثال تعلیمی ادارے قائم کئے۔ فروغ تعلیم اور فروغ امن کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انسانیت کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد مغربی دنیا نے اسلام کو دہشتگردی کے داغ سے آلودہ کرنا چاہا اور پوری دنیا میں مسلمانوں کو ٹارگٹ کیا گیا تو عالم اسلام کی واحد شخصیت ڈاکٹر طاہرالقادری تھے جو پوری دنیا میں اسلام کا پر امن پیغام لے کر نکلے اور بتایا کہ اسلام اور پاکستان، امن کے علمبردار اوربذات خود دہشتگردی کا شکار ہیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے صرف علمی، تحقیقی کام تک خود کو محدود نہیں رکھا، انہوں نے فلاح عامہ اور مفاد عامہ میں بھی بے مثال ادارے قائم کئے۔ تعلیم کے شعبے میں منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت پاکستان بھر میں 650 سے زائد سکولوں کا نیٹ ورک قائم کیا۔ ادارہ آغوش قائم کر کے بے سہارا یتیم بچوں کو تعلیم و تربیت کا باوقار ماحول فراہم کیا۔ اسی طرح منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پاکستان سمیت بیرونی دنیا میں بھی صاف پانی کی فراہمی اور مستحق طلباؤ طالبات میں سکالر شپ کا اجرا کیا۔

انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کے پاس خوراک لے کر پہنچنے والی دنیا کی پہلی غیر سرکاری تنظیم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن تھی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں، وسیلہ روزگار، فری میڈیکل کیمپس اور ایمبولینس کے منصوبے عوامی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے انسانیت کی خدمت کے ادارے بنائے جن سے لاکھوں انسان مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف فتویٰ شیخ الاسلام کی ایک ایسی دینی اور انسانی خدمت ہے جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیگی۔

اس موقع پر طلباء اور مقررین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، تحقیقی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔

تبصرہ

Top