تیسرا روز: منہاج القرآن ویمن لیگ کا تنظیمی و تربیتی ٹریننگ کیمپ

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام پانچ روزہ تنظیمی و تربیتی کیمپ 11 اپریل 2018ء سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں جاری ہے، جس میں ملک بھر سے زونل، ضلع اور تحصیل سطح کی ناظمات و نائب ناظمات شریک ہیں۔ تربیتی سیشن میں آمد پر مرکزی صدر ویمن لیگ فرح ناز، افنان بابر، عائشہ مبشر، کلثوم طفیل، زینب ارشداور ڈاکٹر شاہدہ مغل نے صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین اور فضہ حسین قادری کو خوش آمدید کہا، فرح ناز نے خطبہ استقبالیہ میں پانچ روزہ تربیتی، تنظیمی سیشن کے انعقاد کی غرض و غایت بیان کی اور کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویژن اور فکر کی روشنی میں ویمن لیگ خواتین کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے دن رات کوشاں ہے۔

تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اسلام دین فطرت اور مکمل ضابطہ حیات ہے، دیگر تہذیبوں کی بنیاد مفاد اور جذبات پر جبکہ اسلام کی بنیاد اخلاص اور حکمت پر قائم ہے۔ اسلام جذبات کی بجائے اخلاص کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے، مخالفانہ پروپیگنڈے کا سبب کم علمی ہے یا بدنیتی، اسلام کی حقیقی تعلیمات سے آگاہی کیلئے قرآن و سنت کا براہ راست مطالعہ کیا جائے اور طالبات، خواتین حصول علم پر توجہ مرکوز کریں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے مگر آج اسلامی تعلیمات کی روح کے برعکس نظریاتی انتشار پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے اور انتہا پسندی اور تنگ نظری کو فروغ دیا جارہا ہے، انتہا پسندی کی اور بھی بہت سی وجوہات ہیں ان میں ایک وجہ بچوں کی پہلی درس گاہ ماں کی گود اور گھر بھی ہے، ایک پڑھی لکھی ماں ایک پرامن اور خوشحال معاشرہ کی تشکیل میں بنیادی کردار کی حامل ہے، یہ بات وثوق سے کہی جا سکتی ہے کہ حکومت خواتین کی تعلیم و تربیت پر توجہ دے، اعلیٰ معیار کے تعلیمی ادارے قائم کرے، خواتین کیلئے روزگار کے مواقع مہیا کرے، انہیں سوسائٹی میں آگے بڑھنے کیلئے ترقی کے مساوی مواقع دے تو امن کے وہ اہداف جو اربوں، کھربوں خرچ کر کے حاصل نہیں ہو سکے وہ اس حکمت عملی سے حاصل ہو جائینگے۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خواتین کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی ہے اور اس حوالے سے محض پلان مرتب نہیں کیے بلکہ تعلیم و تربیت کے باوقار ادارے بنائے جہاں آج ہزاروں بچیاں، طالبات علم و تربیت کی دولت سے مستفید ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور کی شکل میں منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی شکل میں منہاج گرلز کالج اور اس ضمن میں قائم سینکڑوں اداروں کی شکل میں سستی، معیاری اور بامقصد تعلیم مہیا کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ میں یہ دعویٰ پورے وثوق سے کر سکتا ہوں کہ جتنی پڑھی لکھی اسلام پسند اور محب وطن خواتین اور بیٹیاں منہاج القرآن سے وابستہ ہیں کسی اور ادارے اور تحریک سے وابستہ نہیں ہیں۔ انشاء اللہ تعالیٰ پاکستان کی محب وطن، باشعور اور پرعزم خواتین انقلاب اور تبدیلی کی بنیاد بنیں گی اور پاکستان کو انتہا پسندی اور استحصال سے نجات دلوانے کیلئے اپنا مرکزی کردار ادا کرینگی۔



خطاب

تبصرہ

Top