کالج آف شریعہ میں اسلامی تربیتی کورس کی اختتامی تقریب

مورخہ: 11 مئی 2018ء

منہاج یونیورسٹی لاہور کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام 21 روزہ اسلامی تربیتی کورس کی اختتامی تقریب 11 مئی کو منعقد ہوئی، جس کی صدارت تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ تقریب میں ملک بھر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے کورس کے طلباء، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کالج آف شریعہ کے پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، اساتذہ کرام میں سے رانا محمد اکرم، حافظ صابر حسین نقشبندی اور ایم ایس ایم کے رہنماء رانا تجمل بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

21 روزہ اسلامی تربیتی کورس میں میٹرک اور ایف کے امتحانات سے فراغت حاصل کرنے والے طلباء نے شرکت کی۔ 21 روزہ اسلامی تربیتی کورس میں تحریک منہاج القرآن کے سکالرز کی طرف سے طلباء کو ترجمۃ القرآن، ناظرہ قرآن، تجوید و قرأت، فن خطابت، فن نعت کے حوالے سے شارٹ کورسز کروائے گئے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان قرآن و سنت اور اسلامی تاریخ کے مطالعے کو اپنے معمولات زندگی میں داخل کریں، دنیاوی علوم کے ساتھ دینی علوم بھی سیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی حکومتوں نے تعلیم وتربیت اور کردار سازی کی بجائے قومی وسائل پلوں اور سڑکوں کی تعمیر میں صرف کیے جس کا نتیجہ اخلاقی گراوٹ اور انتشار کی صورت میں پوری قوم کے سامنے ہے، انہوں نے کہا کہ 16 جون 2008 ء کے دن شہباز حکومت کی طرف سے پنجاب اسمبلی میں پیش کیے گئے پہلے بجٹ کے موقع پر اسمبلی کے فلور پر کہا گیا تھا کہ جس قوم کی لائبریریوں اور لیبارٹریوں کی بتیاں روشن رہیں اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا اور آج دس سال گزر جانے کے بعد زمینی حقائق بتا رہے ہیں کہ پنجاب کے 52 ہزار سکولوں میں صرف 13 ہزار لائبریریاں ہیں، ان میں سے بھی 50 فیصد لائبریریاں 2008ء سے قبل قائم ہو چکی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک المیہ ہے کہ 8 ہزار سے زائد ہائیر سیکنڈری سکولوں میں صرف 4 ہزار سکولوں میں سائنس لیبز ہیں اور 8 ہزار ہائی سکینڈری سکولوں میں 50فیصد کمپیوٹر لیبز نہیں ہیں۔ ڈاکٹرحسن محی الدین نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس تعیش کے منصوبوں کیلئے فنڈز کبھی ختم نہیں ہوتے لیکن تعلیم کے شعبہ کیلئے ان کے پاس ہمیشہ فنڈز کی کمی رہتی ہے۔

تقریب کے آخر میں تربیتی کورس کے شرکاء طلباء کو اسناد بھی دی گئیں۔ اس موقع پر طلباء کو کالج آف شریعہ کی انتظامیہ کی طرف سے مبارکباد بھی پیش کی گئی۔

تبصرہ

Top