صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی (مرحوم) کی پہلی برسی پر دعائیہ تقریب

مورخہ: 18 اگست 2018ء

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر معروف علمی و روحانی شخصیت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی (مرحوم) کی پہلی برسی کے موقع پر دعائیہ تقریب مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کے داماد پیر قطب الدین فریدی کے بیٹے پیر غلام نصیر الدین چشتی، ان کے بھائی عطاء الرحمن درانی، مرحوم کے صاحبزادگان حفیظ الرحمن درانی، حضرت الرحمن درانی، محمد بدر منیر درانی، مطیع الرحمن درانی نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، ناظم امور خارجہ منہاج القرآن جی ایم ملک، رانا فیاض، ناظم تربیت علامہ ڈاکٹر غلام مرتضی علوی، جواد حامد، علامہ میر آصف اکبر، شہزاد رسول، سہیل رضا اور تحریک منہاج القرآن وعوامی تحریک کے دیگر مرکزی و صوبائی و ضلعی رہنما موجود تھے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ مسلمان، اسلام اور پیغمبر اسلام کے خلاف دشنام طرازی اور غیر اخلاقی مواد کی اشاعت ہر گز ہرگز برداشت نہیں کر سکتے۔ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک 24 اگست بروز جمعۃ المبارک کو پیغمبر امن کی شان کے خلاف توہین آمیز خاکے شائع کرنیوالے دہشتگردوں اور انسانیت کے بد ترین مجرموں کے خلاف پاکستان سمیت پوری دنیا میں یوم عظمت مصطفی ﷺ منائے گی۔

تحریک منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، منہاج القرآن ویمن لیگ، یوتھ لیگ کی اپیل پر 24 اگست کو علمائے کرام اپنی اپنی مساجد میں عظمت مصطفی ﷺ کے عنوان سے خطابات کریں گے، امت مسلمہ محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ پر درود و سلام پڑھ کر پوری دنیا کو ان سے محبت اور وفاداری کا بھرپور پیغام دے گی۔

ناظم تربیت تحریک منہاج القرآن علامہ غلام مرتضی علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کی دینی، علمی، سماجی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، مرحوم سچے عاشق رسول، نیک صالح اور محب وطن انسان تھے، صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کو ایماندار محب وطن، علمی اور اصول پرست شخصیت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ مرحوم علم دوست، خدا ترس، پرہیز گار انسان تھے۔

ناظم امور خارجہ جی ایم ملک نے کہا صاحبزادہ فیض الرحمن درانی شفیق اور ملنسار انسان تھے۔ تحریک منہاج القرآن کے لیے ان کی خدمات اور کاوشوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ صاحبزادہ فیض الرحمن درانی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے قریبی ساتھی اور منہاج القرآن کے بانیان میں شامل ہیں۔

تقریب میں شریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے رہنماؤں نے مرحوم مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

تبصرہ

Top