ڈائریکٹر انٹرفیتھ سہیل احمد رضا کی صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز آگسٹن سے ملاقات

تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز آگسٹن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کا محافظ اور بین المذاہب رواداری کی تعلیم دیتا ہے، سہیل رضا نے کہا کہ یورپی یونین کی اعلیٰ ترین عدالت کا توہین رسالت کو آزادی اظہار رائے کے منافی قرار دینا خوش آئند ہے، ہم اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور و انسانی حقوق پنجاب اعجاز آگسٹن نے کہا کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و سلامتی کیلئے دعا گو ہیں اور ان کی بین المذاہب رواداری اور عالمی امن کے قیام کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

سہیل احمد رضا نے مزید کہا کہ ہم عالمی سطح پر بین المذاہب رواداری کے فروغ، انسانی حقوق کے تحفظ، سماجی و ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، سہیل رضا نے کہا کہ آسٹریا کی خاتون صحافی نے پیغمبر اسلام ﷺ کی شان میں گستاخی پر مبنی مواد شائع کیا تھا جس کے خلاف مسلم کمیونٹی کی طرف سے عدالت میں تحریری شکایت کی گئی جس پر اس خاتون کو عدالت نے 550 ڈالر کاجرمانہ کیا۔

خاتون صحافی نے آسٹریا کی کورٹ کے اس فیصلے کو یورپ کی اعلیٰ ترین عدالت میں چیلنج کیا، وہاں بھی عدالت نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے جرمانے کو درست قرار دیا اور فیصلے میں کہاکہ کسی بھی مذہب کی توہین جس سے اس مذہب کے پیروکاروں کے احساسات مجروح ہوں اس کو آزادی اظہار رائے قرار نہیں دیا جا سکتا۔

تبصرہ

Top