شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ لاہور ایئرپورٹ پر صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، مرکزی رہنماؤں خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، حافظ غلام فرید، سید امجد علی شاہ، عدنان جاوید، لاہور اور سنٹرل پنجاب کے عہدیداروں اور کارکنوں نے آپ کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے آپ کو گلدستے پیش کئے اور فلک شگاف نعرے لگائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری دو ہفتہ قبل عمرہ کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب گئے تھے۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ائیرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن کے حالات کے حوالے سے تشویش میں بھی مبتلا ہیں اور حالات کی بہتری کیلئے دعا گو بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور ناانصافی کے خاتمے کے بغیر ملکی معیشت ٹریک پر نہیں آئے گی، یہ بات خوش آئند ہے کہ کرپٹ عناصر کو کڑے احتساب کا سامنا ہے، ماضی میں کرپٹ عناصر اپنے معاشی جرائم کو قانون کی موشگافیوں میں چھپالیتے تھے اور سزاؤں سے بچ جاتے تھے، کرپشن کے خلاف عدلیہ کا کردار قابل تحسین ہے۔

تبصرہ

Top