منہاج یونیورسٹی اور ہلال احمر پاکستان کے مابین ایم او یو پر دستخط

منہاج یونیورسٹی اور ہلال احمر پاکستان کے مابین بلڈ ڈونیشن کیمپس، ایمرجنسی پروٹیکشن، فوری طبی امداد، قدرتی آفات سے نبٹنے کے لئے وسیع پیمانے پر نوجوان رضاکاروں کی تربیت یافتہ فورس کے قیام کے لئے مشترکہ انسانی خدمت انجام دینے کے ایم او یو طے پا گیا۔ جس کے تحت منہاج یونیورسٹی کے ہزاروں طلباء طالبات ہلال احمر کے ساتھ مل کر کام کرینگے۔ معاہدے پر دستخطوں کی تقریب منہاج یونیورسٹی لاہور میں منعقد ہوئی جس میں چیئرمین ہلال احمر پاکستان ابرار الحق، ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین، وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، چیئرمین ہلال احمر پنجاب جسٹس (ر) شیخ احمد فاروق، نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان، صوبائی مینجر ہلال احمر پنجاب راءو ذکاء، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، امجد علی شاہ، شاہد لطیف، راجہ زاہد محمود، شہزاد رسول، حاجی اسحاق، ڈاکٹر خرم شہزاد، منہاج یونیورسٹی کے اساتذہ، طلباکے علاوہ ہلال احمر کے نمائندگان و دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

ایم او یو پر دستخطوں کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان ابرار الحق نے ہلال احمر کے جاری پروگراموں فرسٹ ایڈ، ایمبولینس سروس، یوتھ اینڈ والینٹئرز، بلڈ ڈونیشن، نیشنل ایمبولینس سروس کالج، سیلاب، زلزلہ کے دوران خدمات کے علاوہ دیگر پروگراموں، ملک بھر میں پھیلی ہلالِ احمر کی شاخوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ہلالِ احمر کے ساتھ لاکھوں رضاکار رجسٹرڈ ہیں جو انسانی خدمت کے حوالے سے منصوبوں، آگاہی مہمات، صحت عامہ سے متعلق مختلف پروگراموں میں رضاکارانہ خدمات پیش کرتے ہیں، آج منہاج یونیورسٹی کے ساتھ ہونیوالے ایم او یو سے ہلال احمر کے رضاکاروں کی تعداد میں نہ صرف اضافہ ہوگا بلکہ خدمت انسانی کے جذبے کو مزید تحرک ملے گا۔ ابرار الحق نے کہاکہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی فروغ علم، امن عالم اور دکھی انسانیت کےلئے خدمات ہر اعتبار سے مثالی اور قابل تقلیدہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری عصر حاضر میں ایک رول ماڈل ہیں۔ ملک کو جب بھی قدرتی آفات درپیش آئیں ڈاکٹر طاہر القادری اور منہاج القرآن نے مشکل وقت میں ہم وطنوں کا بھرپور ساتھ دیا اور مثالی کردار ادا کیا۔

ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہورڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ ہلال احمر کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، انسانی خدمت کا یہ ادارہ ہر مشکل وقت میں قوم کے شانہ بشانہ رہا۔ انہوں نے کہا کہ ابرار الحق کو ہلال احمر کے چیئرمین کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہیں اور منہاج یونیورسٹی کے طلباء، ابتدائی طبی امداد، عطیہ خون کی فراہمی و دیگر فلاحی کاموں میں ہلال احمر کے شانہ بشانہ ہونگے۔ آج منہاج یونیورسٹی لاہور نے ہلال احمر پاکستان کے ساتھ سماجی بیداری، سماجی ترقی، قدرتی آفات سے نبٹنے کےلئے تیاری اور بنیادی سہولیات کی کمیونٹی لیول پر فراہمی کےلئے ایک اہم ایم او یو سائن کیا ہے جس کےلئے دونوں ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں، یقینا اس ایم او یو سے طلبا و طالبات کو انسانیت کی خدمت کا بہترین موقع میسر آئے گا۔

جسٹس (ر) شیخ احمد فاروق نے کہا کہ نوجوان رضاکار کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں، ہلالِ احمر پاکستان اپنے اِس اثاثے کو مکمل تربیت یافتہ بنائے گی اور اِس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام طلبا رضاکار فرسٹ ایڈ کی تربیت سے لیس ہوں۔ منہاج یونیورسٹی سمیت ملک بھر میں پھیلے منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ وائس چانسلر ساجد محمود شہزاد نے کہا ہے کہ ابتدائی طبی امداد قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں اہم کردارا دا کرتی ہے اورہلال احمر پاکستان اس سلسلے میں شاندار خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہونیوالے ایم او یو سے ہلال احمر پاکستان کو اور منہاج یونیورسٹی کے طلباء کو ملک و قوم کی خدمت کا موقع میسر آیا ہے۔ ہلال احمر پاکستان کے ساتھ مل کردکھی انسانیت کی بہتری کےلئے کام کر کے خوشی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بہت کم پاکستانی خون کا عطیہ دیتے ہیں ہلال احمر کے ساتھ مل کر لوگوں کو خون کا عطیہ دینے جیسے نیک عمل کی طرف راغب کر ینگے۔ ہمارے طلبا متحرک اور خدمت انسانی کے جذبے سے سرشار ہیں۔

ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین نے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو شیلڈ پیش کی جبکہ منہاج یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے ابرار الحق کو شیلڈ یادگاری دی۔

تبصرہ

Top