لارل ہوم سکول سسٹم کے 100 سکول قائم ہونےپر تقریب

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام قائم لارل ہوم سکول سسٹم کے 100 سکول قائم ہونے کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر لارل ہوم سکول اونرز اور پرنسپلز بھی موجود تھے۔ تقریب میں ڈاکٹر شاہد محمود سرویا، نوراللہ صدیقی، غلام فرید، شہزاد رسول، عبدالرحمن، الطاف رندھاوا، یونس نوشاہی و دیگر نے شرکت کی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر اور چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ بچوں میں تخلیق، مقصدیت، امن پسندی اورانسانیت کی خدمت کے جذبات اجاگر کرنا منہاج القرآن کے تعلیمی، تربیتی نظام کا مرکز و محور ہے۔ آج تعلیم اور لاتعداد تعلیمی ادارے تو موجود ہیں مگر تربیت کا فقدان ہے، تربیت سے خالی نظام تعلیم کی وجہ سے جھوٹ، بدعنوانی، رشوت ستانی جعل سازی، قتل و غارت گری، انتہا پسندی، بڑوں کی بے ادبی، حرص، لالچ، ناجائز منافع خوری اوردوسروں کی حق تلفی کا منفی کلچر وائرس کی طرح پھیلا۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے بچوں کو معیاری عصری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ انہیں اخلاقی، سماجی، روحانی تربیت بھی فراہم کررہے ہیں۔

تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، ڈائریکٹر راشد حمید کلیامی اور علی وقار قادری نے بھی خطاب کیا۔

ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے لارل ہوم سکول فرنچائزڈ آنرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ وطن عزیز میں تہرا نظام تعلیم رائج ہے جس میں مدارس، گورنمنٹ پبلک سکول اور پرائیویٹ سیکٹر نمایاں ہیں، امتیازی نصاب، سہولیات اور طریقہ تدریس میں تضادات ایک قوم بننے کی راہ کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ خوشی ہے کہ منہاج القرآن ایک نصاب اور ایک قوم تشکیل دینے میں پیش پیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی زمانہ معیاری اور بامقصد تعلیم فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرنا سب سے بڑی عبادت ہے۔

تبصرہ

Top