منہاج یونیورسٹی لاہور کی طرف سے سیکڑوں مستحقین میں کھانا تقسیم

منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام لاک ڈاؤن کی وجہ سے بیروزگار ہونے والے سینکڑوں مزدوروں اور مستحقین میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان نواز میمن اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے مستحقین میں کھانا تقسیم کیا، منہاج یونیورسٹی لاہور کے لیکچررز، پروفیسرز نے اپنی مدد آپ کے تحت کھانا تیار کروایا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے کہا کہ کورونا وائرس وباء کی شکل اختیار کر چکی ہے اور دنیا بھر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی اس وباء سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں سوسائٹی کے تمام طبقات اور مخیر حضرات کی یہ دینی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے کہ وہ مالی مشکلات کا شکار خاندانوں کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی اور آغوش آرفن کیئر ہوم کی طرف سے مستحقین میں راشن اور کھانا تقسیم کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی ہدایت پر منہاج یونیورسٹی لاہور اور منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے انسانیت کی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں میں پرجوش انداز میں حصہ لے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کو بھی اپنا ہمدردانہ انسانی کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس موذی وباء سے نجات دے اور جلد سے جلد معمولات زندگی بحال ہوں۔

تبصرہ

Top