شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ملت اسلامیہ کو عیدالفطر کی مبارکباد

مورخہ: 24 مئی 2020ء

قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اسلامیان پاکستان اور ملت اسلامیہ کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ رمضان المبارک میں رکھے گئے روزے اور کی گئی عبادات کو قبول و منظور فرمائے اور ملت اسلامیہ کے ہر بشر کو قرآن و سنت کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کی توفیق دے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حالیہ عید ایک ایسی وباء کے موقع پر آئی ہے جس نے دنیا کے ہر خطے کو متاثر کیا ہے اور اس وباء کی وجہ سے بڑے پیمانے پر انسان متاثر ہوئے ہیں، کاروباری سرگرمیاں معطل ہوئی ہیں اور اس کی وجہ سے بیروزگاری، غربت بڑھی ہے، صاحب حیثیت افراد اور خاندانوں کے لئے مستحقین کی مدد کرنے کا یہ بہترین وقت ہے، کسی سفید پوش کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے اسے پاؤں پر کھڑا کرنا فی زمانہ بہت بڑی نیکی اور عبادت ہے۔ اپنے قرب و جوار میں موجود ایسے افراد کی مدد کریں جو وباء کے دوران کاروباری سرگرمیاں معطل ہونے کی وجہ سے معاشی بحران میں مبتلا ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص کے پاس بھی اس کی ضروریات سے زیادہ سامان زندگی ہے وہ اسے اپنے پاس مستحقین کی امانت سمجھے اور یہ امانت لوٹانے میں تاخیر نہ کرے۔ قائد تحریک منہاج القرآن نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء ابھی موجود ہے، روزانہ کی بنیاد پر متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اس کا واحد علاج سماجی فاصلے ہیں، عید کے بعد بھی احتیاط کے طور پر فاصلے قائم رکھیں، باہمی میل جول کم سے کم رکھیں، بلاضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور غیر ضروری معانقہ اور مصافحہ سے گریز کریں، یہ احتیاطیں حضور نبی اکرم ﷺ کے فرامین کے مطابق ہیں۔ جب تک وباء موجود ہے احتیاط ملحوظ خاطر رکھیں۔

تبصرہ

Top